ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر ساہیوال کے تعلیمی اداروں میں یوم وفات قائد اعظم پر خصوصی تقاریب کا انعقاد۔ یونیورسٹی آف ساہیوال اور گورنمنٹ گریجویٹ گرلز کالج فرید ٹاون میں طلبہ و طالبات نے قائد اعظم کی ملک و ملت کیلئے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ یونیوسٹی تقریب میں خود بھی خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح دیانت، جرات اور عزم کا پیکر تھے۔ وہ ایک سچے، کھرے اور باکردار شخصیت کے مالک تھے اور انہی کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے آج ہم آزاد مملکت پاکستان میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ اس عظیم شخصیت کی قربانیوں پر غور کریں جنہوں نے پوری زندگی مسلمان ہند کی آزادی کے لئے وقف کر دی۔ تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر، رجسٹرار سید غلام علی اصغر، کنٹرولر امتحانات مبشر سعید، ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹرمحمد حسنین، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر وسیم طفیل، ڈاکٹر ایوب، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ برصغیر کے بکھرے ہوئے مسلمانوں کو یکجا کرنا اور مسلم لیگ کے پرچم تلے متحد کرنیوالے قائد اعظم محمد علی جناح ہی تھے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائد اعظم کے افکار کو اپنائیں تاکہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ پوری توجہ اپنی تعلیم پر مرکوز رکھیں تاکہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے وہ اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے کہا کہ قائد اعظم نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مسلمانوں کے الگ وطن حاصل کیا اور ان کی کمی کو کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے پاکستان کو ایک نعمت قرار دیتے ہوئے نئی نسل پر زور دیا کہ وہ اس نعمت کی قدر کریں اور ان شخصیات کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین فرید ٹان میں بھی 11ستمبر قائداعظم محمد علی جناح کی وفات کے موقع پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل علیزہ ریحان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پرنسپل سمیرا نسیم،وائس پرنسپل زاہدہ بشیر، سمیعہ مسعود، اجالا کوثر سمیت طالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے شرکاءنے قائد اعظم محمد علی جناح کی عملی زندگی پرروشنی ڈالی اوران پیشہ ورانہ خدمات کوسراہا۔ تقریب کے اختتام پر عظیم رہبر کی ایصال ثواب کیلئے اجتماعی فاتحہ خوانی اور دعا بھی کروائی گئی۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا مڈھالی روڈ پر سیوریج پائپ بچھانے کے کام پر اطمینان کا اظہار، اگلے دس دن تک پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کر لیا جائے گا، 42انچ قطر کے811پائپوں میں سے690بچھا دیے گئے ہیں اس طرح 85فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے، سٹی منیجر پسپ اسجد خان کی میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بریفنگ۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کی جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت دیگر متعلقہ احکام نے بھی شرکت کی۔کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ سڑک کی بحالی کا کام بھی ساتھ ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم تکلیف ہو۔ انہوں نے ڈسپوزل سٹیشن پر تعمیراتی کام کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کے تحت گھروں تک پائپ پہنچانے کے 43 ہزار کے ہدف میں سے 33ہزار کنکشن پورے کر لئے گئے ہیں اور تمام منصوبہ دسمبر تک مکمل کر لیا جائیگا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف مہم بلا امتیاز جاری رکھی جائے اور شہر میں آوارہ کتوں کی تلفی کا کام بھی تیزکیا جائے۔
قائد اعظمؒ محمد علی جناح دیانت، جرات اور عزم کا پیکر تھے: کمشنر ساہیوال

















