مراکش میں تباہ کن زلزلہ، 1000 سے زائد اموات ،پاکستان نے ہر ممکن مدد کا اعلان کردیا

رباط، اسلام آباد، نئی دہلی، انقرہ، پیرس، فرینکفرٹ (مشرق نیوز+ بیورو رپورٹ) مراکش میں تباہ کن زلزلہ، عمارتیں زمین بوس، قیامت صغریٰ برپا، 1000 سے زائد افراد جاں بحق، سینکڑوں زخمی ہوگئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی، مرکز مراکش سے 44 میل دور جنوب مغرب میں تھا، گہرائی زیرزمین 18.5 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، مراکش کے سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ساحلی شہروں رباط، کاسا بلانکا اور ایساویرا میں محسوس کئے گئے، زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے آیا۔

حکام نے کہا تاریخی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، 1000 سے زائد افراد جاں بحق، سینکڑوں زخمی ہوگئے، متعدد کی حالت نازک ہونے کے باعث اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا، بجلی بند ہونے سے علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، خوفزدہ شہریوں نے رات کھلے مقامات اور سڑکوں پر گزاری۔

یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دی گئی تاریخی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کاسلسلہ بھی جاری ہے، زیادہ تر جانی و مالی نقصان صوبائی علاقوں میں ہوا۔ وزارت داخلہ نے طبی مراکز میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے خون کے عطیات کی اپیل کردی۔

مقامی افسر نے کہا کہ زلزلے سے زیادہ نقصان پہاڑی علاقوں میں ہوا، امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ رپورٹس کے مطابق تازہ زلزلے کو مملکت کی تاریخ کا سب سے بڑا زلزلہ قرار دےدیا گیا ، بڑے پیمانے پر تباہی مچی۔

مراکشی فوج نے آفٹر شاکس کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی۔ مراکش کے ہمسایہ ملک الجیریا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی، نگران وزیر اعظم انوار الحق، شہبازشریف، بلاول بھٹو، آصف زرداری، فضل الرحمن و دیگر سیاسی رہنماﺅں نے مراکش میں زلزلے سے قیمتی جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا مشکل وقت میں ہمدردیاں تباہ کن زلزلے کے متاثرین کےساتھ ہیں، پاکستان مراکش کے بہادر عوام، حکومت کی ہرممکن مدد کرےگا۔

سیاسی رہنماوں نے مزید کہا اسلامی ممالک سمیت پوری دنیا مراکش کے عوام کی مدد کےلئے آگے بڑھیں، قدرتی آفات تمام انسانوں کےلئے خطرات بڑھا رہی ہیں، قدرتی آفات و موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کے مقابلے کےلئے پوری دنیا کو ملکر کام کرنا ہوگا۔
ادھر بیرونی دنیا کے بہت سے ممالک اور رہنماوں نے مراکش کےساتھ افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مدد کی پیشکش کردی۔ فرانسیسی صدر میکرون، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، جرمن چانسلر اولاف شولس، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان و دیگر نے مراکشی حکومت اور عوام کےساتھ ہلاکت خیز قدرتی آفت کے بعد یکجہتی کا اظہار کیا اور تعاون کا اعلان کیا۔