اسلام آباد(بیورورپورٹ)جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں پرویزالٰہی کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد،عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
سابق وزیر اعلیٰ کےخلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی،دوران سماعت پراسیکیوٹر راجہ نوید نے مزید 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی دستاویزات جمع کرا دیں، وکیل صفائی نے کہا پرویز الٰہی کا نام جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں 2 روز قبل نامزد ہوا، متعدد سیاسی کیسز بنائے گئے ،لاہور سے اغوا کرکے اسلام آباد لاکر گرفتار کر لیا گیا،ہائیکورٹ نے کہا پرویز الٰہی کےخلاف سیاسی کیس بنایا گیا، ڈسچارج کیا جائے، ڈسچارج کرنے کی بجائے گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں نامزد کر دیا گیا، گوجرانوالہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے بھی کہا کیس کچھ نہیں پرویز الٰہی کو ڈسچارج کیا جاتا ہے۔
پرویز الٰہی کے وکیل بابر اعوان نے استدعا کی جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل پر بھیجنے کا بھی تحریر کر دیں،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پرویز الٰہی کے 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔
بابر اعوان نے جج ابوالحسنات ذوالقرنین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ ہر کیس میں بے لوث دکھائی دیتے ہیں،پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے پرویز الٰہی سے جیل میں فیملی کی ملاقات اور کھانے کی درخواست دائر کی گئی۔
،جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کہا پرویز الٰہی کی فیملی سے ملاقات کرائیں ،پرویز الٰہی نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا بہت مہربانی بہت شکریہ، پنجاب کی کوئی جیل رہ نہیں گئی جہاں مجھے بھیجنا ہو، مجھے دل میں اسٹنٹ بھی لگے ہوئے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب میرا رشتے دار ہے لیکن میرے سخت خلاف ہے، جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا جس پر احسان کرو اس کے شر سے بھی ڈرو،پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر عدالت نے فریقین کو 11 ستمبر کےلئے نوٹس جاری کر دئیے۔
دریں اثنااسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ دئیے جانے کے بعد پولیس پرویز الٰہی کو لینے کمرہ عدالت پہنچی تو پولیس ،سابق وزیراعلیٰ کے درمیان گفتگو ہوئی،پولیس افسر نے پرویز الٰہی سے کہا چودھری صاحب آئیں چلیں۔
پرویز الٰہی نے جواب دیا جوڈیشل ریمانڈ کا آرڈر ملے گا تو چلوں گا اب میں نے آپ کےساتھ نہیں جانا، عدالت نے اڈیالہ جیل بھیجا ہے، آپ پہلے والے کام نہ کریں اب اڈیالہ جیل کےلئے گاڑی کون دے گا،پولیس نے پرویز الٰہی سے کہا جس بکتربند میں آئے اس میں اے سی لگا ہوا ہے، پولیس افسر کے بتانے پر پرویز الٰہی نے ہنستے ہوئے جواب دیا اب میں بکتربند گاڑی میں نہیں جاو¿ں گا،پرویز الٰہی نے پولیس افسر سے مکالمہ کیا اپنے محرر سے تو بات کراو، میرے سامان کا کیا ہوگا؟ پولیس افسر نے جواب دیا سر آپ کا سامان گاڑی میں ساتھ لائے ہیں۔
قبل ازیںذرائع کے مطابق کمرہ عدالت میں 2مرتبہ پرویز الٰہی کو شیخ رشید کا فون آیا، وکیل نے اپنے فون سے پرویز الٰہی کی شیخ رشید سے بات کرائی،پرویز الٰہی نے فون پر شیخ رشید سے بات کرتے ہوئے کہا مجھے 2دن تھانہ سی آئی اے میں رکھا ،بہت ظالم لوگ ہیں۔
جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس، پرویزالٰہی کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد،جیل منتقل
















