سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا عالمی آبی تنظیم کے قیام کا اعلان
ریاض (مشرق نیوز) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عالمی آبی تنظیم کے قیام کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق نوتشکیل شدہ تنظیم کا صدردفترالریاض میں ہوگا اور پائیدارآبی وسائل کے حصول کیلئے عالمی کوششوں کو مستحکم اور بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ تنظیم کے مقاصد میں علم اور مہارت کا تبادلہ، آبی ٹیکنالوجی کی ترقی، جدت طرازی کی ترغیب اور تحقیق اور تجربات کا اشتراک شامل ہے۔مزید برآں تنظیم سب کیلئے پانی تک رسائی کو یقینی بناتے ہوئے آبی وسائل کی طویل مدت پائیداری کو یقینی بنائیگی۔یہ اعلیٰ ترجیحی منصوبوں کے آغاز اور مالی اعانت کیلئے فعال طور پر وکالت کریگی۔ یہ اقدام عالمی سطح پر پانی کی دستیابی سے وابستہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے سعودی عرب کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اسکے علاوہ یہ اقدام ماحولیاتی استحکام کیلئے سعودی عرب کی وسیع تر وابستگی سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔ سعودی عرب تنظیم کے تمام رکن ممالک کے تعاون سے آبی تحفظ سے متعلق پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔

















