منشیات کے عادی افراد بھی معاشرے کا حصہ ہیں : کمشنر ساہیوال ،بائی پاس کی تکمیل کیلئے فنڈز کی یقین دہانی

ساہیوال(بےورورپورٹ)گورنمنٹ عبدالقیوم ہسپتال میں منشیات کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کے سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے سنٹر کا افتتاح کیا جو 8 بیڈز اور علاج کی دوسری سہولیات سے آراستہ ہے۔ سنٹر میں منشیات کے عادی افراد کی مکمل بحالی تک ان کے علاج اور رہن سہن کے تمام اخراجات محکمہ صحت برداشت کرےگا۔ خصوصی تقریب میں ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان، اے ڈی سی جنرل سید عثمان منیر بخاری، اے ڈی سی فنانس یاسر فرید، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی، ایم ایس ڈاکٹر فرقان حسین اور ڈیوٹی ڈاکٹر شاہ رخ سمیت متعلقہ سنٹر کے عملے نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے سنٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور ہدایت کی کہ زیر علاج منشیات استعمال کرنے والوں کی مکمل بحالی تک انہیں تمام طبی سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور عملے سے صحت یابی تک مشینری جذبے سے ان مریضوں کی دیکھ بھال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد بھی معاشرے کا حصہ ہیں جنہیں نظر انداز اور دھتکار کر ہم اپنی ذمہ داری سے فرار حاصل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے ایسے افراد کی بحالی میں مصروف تنظیموں اور افراد کے جذبے کو بھی سراہا۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ساہیوال بائی پاس کی تکمیل کیلئے درکار فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرا دی، ساہیوال بائی پاس کی تکمیل سے بین الاضلاعی سفر کرنے والے ہزاروں افراد کو بڑی سہولت میسر آئےگی۔ 2ارب روپے مالیت کا یہ اہم منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کیلئے 42 کروڑ 20 لاکھ روپے اضافی فنڈز کی ضرورت ہے، کمشنر نے یہ یقین دہانی اپنے دفتر میں محکمہ ہائی وے کے منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں کرائی جس میں ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، ایس ای ہائی وےارشد ندیم،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ قیوم قدرت، ایکسین ہائی وے میاں افتخار احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو اور عمران خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر 6.3کلو میٹر اندرون جی ٹی روڈ کی تعمیر نو کا منصوبہ بھی منظوری کے آخری مراحل میں ہے جس پر ایک ارب70کروڑ رروپے لاگت آئے گی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر کے اس اہم منصوبے کی منظوری کے لئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں ے ایس ای ہائی وےارشد ندیم کو یہ بھی ہدایت کی کہ ڈویژن میں جاری ہائی وے کے تمام منصوبوں میں حائل مشکلات فوری ان کے نوٹس میں لائی جائیں تاکہ انہیں حل کر کے تعمیر کا عمل تیز کیا جا سکے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا جھال روڈ پل پر ٹریفک حادثات کا نوٹس، محکمہ ہائی وے کو سڑک کی دونوں سائیڈوں پر حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت، پل اور ملحقہ سڑکوں پر سٹریٹ لائٹس کو بھی روشن کیا جائے، انسانی جانوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے، کمشنر ساہیوال۔ طارق بن زیاد کالونی کی مین سڑک کی مرمت کی خراب کوالٹی پر اظہار ناراضگی، وہ یہاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر دیوان، اے سی جنرل علیزہ ریحان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔انہوں نے فتح شیر روڈ کی کارپیٹنگ شروع ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا جس کی تکمیل سے شہریوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کی دیگر چھوٹی سڑکوں کی تعمیر نو کا بھی سروے کرایا جائے تاکہ انہیں مکمل کر کے شہریوں کو آلودگی سے بچایا جا سکے۔ اجلاس میں سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے بتایا کہ مڈھالی روڈ پر گزشتہ ہفتے کے دوران 42انچ قطر کے69پائپ ڈالے گئے اور اب تک811میں سے 623پائپ ڈالے جا چکے ہیں جس سے76فی صد کام مکمل ہو چکا ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے روزانہ پائپ لگانے کی تعداد 20 تک کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس اہم سڑک کے کام کو اسی ماہ مکمل کیا جا سکے۔ سٹی مینجر محمد اسجد خان نے یقین دھانی کرائی کہ ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ کو ستمبر کے دوران ہی مکمل کر لیا جائے گا۔ چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے اجلاس کو بتایا کہ اتوار کو بیرون لاری اڈے سے 39150روپے اور اندرون لاری اڈے سے14900روپے آمدن ہوئی۔ کمشنر نے کم ہوتی ہوئی آمدن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان اڈوں پر تعینات تمام عملے کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔