خرطوم (مشرق نیوز)سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ایک فضائی حملے میں دو بچوں سمیت کم سے کم 20 شہری ہلاک ہو گئے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق خرطوم شہر کے جنوبی علاقے سے تعلق رکھنے والی مزاحمتی کمیٹی کے ارکان نے ایک بیان میں بتایا کہ فضائی بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 20 ہو گئی ہے۔وہ ان بہت سے رضاکار گروپوں میں شامل ہیں جو جمہوریت کے حق میں پہلے مظاہرے کرتے تھے اور اب فوج اور نیم فوجی جنگجوں کے درمیان مسلح تصادم میں پھنسے خاندانوں کو مدد مہیا کرتے ہیں۔اس سے قبل ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں اور خبردار کیا تھا کہ مزید ہلاکتوں کا اندراج نہیں کیا جا سکا کیونکہ ان کی لاشوں کو اسپتال منتقل نہیں کیا جا سکا کیونکہ وہ بمباری میں بری طرح جھلس گئے تھے یا ان کے جسموں کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے تھے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ فوج نے خرطوم کے شمال میں آر ایس ایف کے ٹھکانوں کوتوپ خانے اور راکٹ فائرسے نشانہ بنایا تھا اور شہری اتوار کوعلی الصباح توپ خانے اور راکٹوں کی گھن گرج میں بیدار ہوئے تھے۔
سوڈان، خرطوم میں فضائی حملے میں 20 شہری ہلاک



















