ایمان مزاری کواسلام آباد سے باہر لیجانے پر پابندی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)ایمان مزاری کواسلام آباد سے باہر لیجانے پر پابندی عائد،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات مانگ لیں۔

ایمان مزاری کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہمی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، وکلا نے دلائل دئیے ایسی درخواست دائر کرنے کی ضرورت نہیں تھی لیکن حالات ہی کچھ ایسے بن چکے ہیں، 2 درخواستیں ایمان مزاری کےخلاف درج ہوئیں، دہشتگردی و بغاوت کی دفعات لگائی گئیں، 2 کیسز میں گرفتاری ہوئی دونوں میں ضمانت پر رہائی ہوئی پھر اڈیالہ جیل کے باہر سے تیسرے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے بڑے مشکل دور سے گزر رہے ہیں، ایمان مزاری اس عدالت میں موجود تھی، میں نے کہا اپنی ماں کی زبان کنٹرول کریں، ایمان مزاری نے یقین دہانی کرائی پھر انہوں نے اپنی زبان کو کنٹرول میں نہیں رکھا، 2023 آئین و عدلیہ پر عملدرآمد کے لحاظ سے تاریک ترین سال ہے،وکیل نے عدالت میں کہا اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو عدالت قانون کے مطابق دیکھ سکتی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا ایمان مزاری کے خلاف ملک بھر کتنے مقدمات درج ہیں؟ عدالت نے حکم دیا سیکرٹری داخلہ صوبوں سے رپورٹس طلب کرکے آگاہ کریں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت تک ایمان مزاری کو گرفتار کرکے اسلام آباد سے باہر لے جانے سے روک دیا اور حکم دیا سیکرٹری داخلہ یقینی بنائیں ایمان مزاری کو گرفتار کرکے اسلام آباد سے باہر نہیں لے جایا جائے گا۔