نیویارک میں بھی خواتین غیرمحفوظ، مظلوم بنگالی لڑکی خوفزدہ

نیویارک (خواجہ فاروق) امریکہ میں بھی خواتین غیرمحفوظ، مبینہ طور پر عطیہ فیملی کی ہراسگی کا شکار بنگالی لڑکی خوفزدہ، قانونی کارروائی سے گریزاں۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے سپرپاور ملک امریکہ میں بھی خواتین غیرمحفوظ ہو کر رہ گئیں، مبینہ ہراسگی کا شکار بنگالی لڑکی نے عطیہ فیملی کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے درخواستیں دی اور تھرڈ ورلڈ ملکوں کی طرز پر اب خوف اور عزت کی بدنامی کے ڈر سے کارروائی سے گریزاں ہے۔ ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر جنسی ہراسگی کا شکار لڑکی کے قریبی عزیزوں، دوستوں کا کہنا ہے کہ بنگالی لڑکی اپنی عزت محفوظ رکھنے اور بدنامی سے بچنے کیلئے تھانے جاکر درخواستوں کی پیروی کرنے سے خوفزدہ ہے جس کے باعث دیگر پاکستانی، بنگالی، امریکن عورتیں بھی اپنے آپ کو امریکہ میں غیرمحفوظ سمجھنے لگی ہیں۔ عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ امریکہ جیسے ملک میں لڑکی کو انصاف نہ ملنا انتہائی تشویشناک ہے اور لڑکی کے دل میں عزت کے خوف میں مبتلا ہونا امریکہ کیلئے لمحہ فکریہ سے کم نہیں ہے۔ کمیونٹی میں اس معاملے پر شدید تشویش پائی جاتی ہے، کمیونٹی کے حلقوں نے ڈائریکٹر ایف بی آئی، سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور ہوم لینڈ سکیورٹی اور نیویارک پولیس سے اپیل کی ہے کیس کو ٹیسٹ کیس بنائیں، مائیں، بہنیں سب کی سانجھی ہیں، بنگالی لڑکی کو تحفظ فراہم کرکے اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں، اگر الزام غلط ثابت ہوجائے تو سخت قانونی کارروائی کی جائے، سچ ثابت ہونے پر عطیہ فیملی کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ امریکہ میں کسی کو بھی ہراساں کرنے کی جرا¿ت نہ ہو۔ عوامی حلقوں نے مزید کہا تمام حقائق سامنے لائے جائیں، اگر معاملے کو یوں ہی چھوڑ دیا گیا تو پھر امریکہ میں کسی کی بھی عزت محفوظ نہیں رہے گی اور قانون پر سوالیہ نشان بن کر رہ جائیگا، مسلمان لڑکیاں باہر نکلنے سے ڈرنے لگی ہیں۔ ذرائع کے مطابق عطیہ شہناز، بھائی ارشد عطا اور شوہر عدیل بڑھکیں مارتے ہوئے کہتے ہیں کوئی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، میئر نیویارک سے بہت اچھے تعلقات ہیں، وہ ہمیں گرین کارڈ بھی دلائیں گے۔ دوسری جانب سکینڈل منظرعام پر لانے والے فورتھ پلر کے چیئرمین فاروق مرزا نے کہا ہے کہ بنگالی لڑکی کا ریکارڈڈ ویڈیو بیان میرے پاس موجود ہے، جو فورتھ پلر چینل پر کاسٹ ہوچکا ہے اور متاثرہ لڑکی خاوند کے ڈر سے کارروائی سے کترا رہی ہے، میں نے مظلوم لڑکی کی آواز اٹھا کر اپنا فرض پورا کردیا، اب امریکی حکومت کے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ اس مظلوم لڑکی کو تحفظ فراہم کر کے تحقیقات کے ذریعے سکینڈل کو انجام تک پہنچائیں، یہ انکی ذمہ داری ہے۔ عوامی حلقوں نے مئیر نیویارک ایرک ایڈم، سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی مسٹر ایل جینڈرو مارکس اور ڈائریکٹر ایف بی آئی واشنگٹن ڈی سی مسٹر کریسٹو فر ورے سے اپیل کی ہے کہ عطیہ شہناز کے مبینہ کاروبار ڈے کیئر میں ہونیوالی بدعنوانیوں اور امیگریشن کی بے ضابطگیوں اور بنگالی لڑکی سے ہونیوالی زیادتی کو ایک ٹیسٹ کیس بنا کر حقائق سامنے لائے جائیں تاکہ آئندہ اس قسم کا واقعہ رونما نہ ہو۔ اس سے امریکی اداروں کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔ اسل عمل سے امیگرنٹ امریکن خواتین بھی آزادانہ امریکی سوسائٹی میں اپنا کردار ادا کرسکیں گی۔ پاکستانی، امریکن خواتین نے ایک ملاقات میں بتایا کہ عطیہ شہناز پاکستانی کمیونٹی کا نام استعمال کرکے انہیں بدنام کررہی ہے جبکہ اسکو امریکہ میں ووٹ کا قانونی حق حاصل نہیں ہوا اور نیویارک سٹی میئر آفس میں نوکری بھی حاصل کرلی ہے۔