لاہور (خبر نگار،کرائم رپورٹر)محرم کے جلوسوں،مجالس کی ڈرون کوریج ،ڈبل سواری پرپابندی،موبائل سروس جزوی معطل رہے گی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ،محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور کے دوران عوامی جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،آئی جی پنجاب نے سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ عسکری و سول حکام نے رپورٹس پیش کیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا محرم الحرام کے جلوسوں ،مجالس کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی ہو گی ، فوج، رینجرز ،پولیس کے چاک و چوبند دستے فلیگ مارچ کریں گے،وزیر اعلیٰ نے تمام کمشنرز ،آرپی اوز کو بارشوں کے پیش نظر جلوسوں ،مجالس کیلئے پیشگی پلان تیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا عوامی جان و مال کے تحفظ کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
محسن نقوی نے مزید کہا مساجد، امام بارگاہوں و دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے، امن کمیٹیوں کے اراکین و منتخب نمائندے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کریں، غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
دریں اثنا2دن موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی،خلاف ورزی کرنےوالوں کےخلاف کارروائی کے احکامات جاری کردئیے گئے، علاوہ ازیں جلوسوں کے روٹس و اطراف میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہو گی، پولیس نے یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دےدی۔
جلوسوں،مجالس کی ڈرون کوریج ،ڈبل سواری پرپابندی،موبائل سروس جزوی معطل
















