ساہیوال (چوہدری اشرف سے) سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع اوکاڑہ میں محکمہ ہائی وے کے تحت چار بڑی سڑکوں کی تعمیر نو اور کارپیٹنگ کا کام جاری ہے جن پر لاگت کا کل تخمینہ 4 ارب 12 کروڑ 67 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ ان سکیموں پر کام کا جائزہ لینے کےلئے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ای ہائی وے ساہیوال ارشد ندیم اور ایکسین ہائی وے اوکاڑہ جواد احمد نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ان اہم سڑکوں کی تعمیر کو مقررہ مدت کے دوران مکمل کرنے کےلئے فنڈز کی بروقت فراہمی کی یقین دہانی کرائی اور ہدایت کی کہ کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ایس ای ہائی وے ارشد ندیم نے بتایا کہ ان چاروں سڑکوں کو اگلے 2سے تین ماہ میں مکمل کرنے کےلئے ایک ارب 58 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز درکار ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایک ارب3کروڑ سے زائد کی لاگت سے ساڑھے 24کلو میٹر دیپالپور حویلی لکھا روڈ کی تعمیر نو جاری ہے اور19کلو میٹر حصہ مکمل ہو چکا ہے۔ حکومت باقی35کروڑ روپے بھی فراہم کر دے تو اس اہم سڑک کو 2ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اسی طرح 19کلو میٹر طویل دیپالپور بصیر پور روڈ بھی ایک ارب 5کروڑ سے زائد کی لاگت سے زیر تعمیر ہے جس میں سے16کلو میٹر حصہ کارپٹ ہو چکا ہے اور اگر باقی ساڑھے42کروڑ روپے کے فنڈز مل جائیں تو اسے بھی2ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اسکے علاوہ رینالہ خورد سے حجرہ شاہ مقیم براستہ شیر گڑھ 27کلو میٹر سڑک میں سے رینالہ سے شیر گڑھ تک 16کلو میٹر سڑک مکمل کی جا چکی ہے جبکہ منصوبے کی کل لاگت ایک ارب روپے ہے۔ محکمہ ہائی وے کو مزید ساڑھے40کروڑ روپے فراہم کر وائے جائیں تو باقی حصے کو 3ماہ میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح اوکاڑہ شہر سے گزرنے والی 8کلو میٹر طویل اولڈ جی ٹی روڈ کی تعمیر نو بھی تیزی سے جاری ہے جس پر لاگت کا تخمینہ ایک ارب3کروڑ روپے لگایا گیا ہے اور اگر مزید 40 کروڑ روپے فنڈز مہیا ہو جائیں تو اسے 2 ماہ میں مکمل کر لیا جائےگا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے یقین دہانی کرائی کہ اضافی فنڈز کی فراہمی کےلئے صوبائی حکومت سے فوری رابطہ کیا جائےگا تاکہ انہیں جلد سے جلد مکمل کیا جا سکے۔
ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، اضافی فنڈز کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائیگا:کمشنر ساہیوال


















