نیویارک (خواجہ فاروق) چیئرمین پیپلز پارٹی ووزیر خارجہ بلاول بھٹو کے سرپرائز دورہ امریکہ سے مقامی قیادت لاعلم نکلی۔ نیویارک پہنچنے پر قونصل جنرل عاصم علی خاں نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق 2023ءپاکستان میں عام انتخابات کا سال ہے، بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکہ کا مقصد وزیراعظم بننے کیلئے لابنگ کرنا ہے، پارٹی رہنماﺅں و رہنماﺅں سے ملاقاتیں ایجنڈے کا حصہ نہیں، نیویارک میں ایک ہفتے قیام کے دوران وزیر خارجہ امریکی تھنک ٹینکس سے سرپرائز ملاقاتیں کریں گے، حکومتیں بنانے میں کردار ادا کرنیوالے حلقوں اور پالیسی سازوں سے ملاقاتوں میں اہم امور زیربحث آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق امریکی حلقوں میں بلاول بھٹو کوکافی اہمیت حاصل ہے۔ سابق صدر باراک اوبامہ اندورن خانہ بلاول کی بھرپور حمایت کررہے ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے بلاول بھٹو کا دورہ پاکستان کے سیاسی مستقبل کا تعین کریگا اور چیئرمین پیپلز پارٹی نئے وزیراعظم کیلئے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ کے دورہ امریکہ پر عالمی قوتوں بالخصوص بھارت کی خصوصی نظر ہے اور وہ تمام صورتحال کو مسلسل مانیٹر کررہے ہیں۔
”وزیراعظم بننے کیلئے لابنگ بلاول کے سرپرائز دورہ امریکہ کا ایجنڈا“



















