امریکہ میں بھی آڈیو لیک، ٹرمپ کا خفیہ سرکاری دستاویز غیر قانونی طور پر پاس رکھنے کا اعتراف

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے بعد امریکہ میں بھی آڈیو لیک ہونے لگی، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خفیہ سرکاری دستاویز غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھنے کا اعتراف کر لیا، ٹرمپ کی خفیہ دستاویز اپنے پاس ہونے کی آڈیو منظرعام پر آ گئی۔ امریکی نشریاتی ادارے نے ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنے اسٹاف کے ساتھ گفتگو جاری کر دی، آڈیو میں ٹرمپ خفیہ دستاویز اپنے پاس ہونے کا اعتراف کر رہے ہیں۔ نشریاتی ادارے کے مطابق 2021 کی مبینہ گفتگو کے وقت ٹرمپ صدر کے عہدے پر نہیں تھے، دورانِ بات چیت بھی ٹرمپ صفحات پلٹتے رہے اور خفیہ دستاویز اپنے پاس ہونے کا بتاتے رہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اس وقت کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل مارک ملی کے حوالے سے کہا کہ جنرل مارک کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ایران پر حملہ کرنا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی دفاعی ادارے نے ایران پر حملے سے متعلق منصوبہ بھی پیش کیا۔ اس حوالے سے ریٹائرڈ بریگیڈیئر بابر علاو¿ الدین نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی آڈیو امریکی نظام پر بھی سوالیہ نشان ہے، سرکاری دستاویزات عہدے کے بعد اپنے پاس رکھنا سنگین معاملہ ہے۔ بابر علاو¿ الدین کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ امریکہ کیلئے اہم ہے، ان کے سسٹم پر سوالیہ نشان ہے، ٹرمپ ان لوگوں سے اہم معاملہ ڈسکس کر رہے ہیں جن کی سیکیورٹی کلیئرنس ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلٹ فالوونگ یہی ہوتی ہے، یہ لیڈر اس طرح ذاتی مفادات کیلئے اپنے فالوورز کو گمراہ اور استعمال کرتے ہیں۔