لاہور (قمر عباس نقوی) واسا شعبہ آپریشن سمیت مالیاتی اور پرکشش سیٹیں مستقل افسران کے بغیر، آن پے سکیل ملازمین سے کام چلایاجانے لگا۔ سکیل 17سے اوپر تک 114 آسامیاں خالی انتظامی امور تذبذب کا شکار ، آڈٹ رپورٹ نے پول کھول دیا۔ تفصیلات کے مطابق واسالاہور انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے واسا لاہور میں انتظامی امور سمیت آپریشنل و دیگر اہم امور کی پرکشش سیٹوں پر تعیناتی کا عمل تاخیر کا شکار ہے۔ اس حوالے سے شعبہ آپریشن کے ٹاﺅنز میں تعینات افسران جو کہ ماضی قریب میں سکیل 18کی ترقی حاصل کرچکے ہیں، ان میں سے اکثر کو آن پے سکیل بطور ڈائریکٹر سکیل 19پر چارج دیتے ہوئے کام چلایا جا رہا ہے جس میں واسا آپریشن کی 9ٹاﺅنز میں اکثر سکیل 18کے ایکسیئنز کو ڈائریکٹر کا اضافی چارج دے کر کام چلایا جا رہا ہے ایڈمن شعبہ میں بھی سکیل 17کو سکیل 18کا اضافی چارج دے رکھا ہے شعبہ ریونیو میں بھی تعینات افسران کو بھی اضافی چارج دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر فنانس کی مالیاتی پرکشش عہدے پر بھی عرصہ سے سکیل 18کے افسران کو اضافہ چارج دیتے ہوئے کام چلایا جا رہا ہے اسی طرح سکیل 17کے ایس ڈی اوز کو سکیل 18بطور ایکسئین اسی طرح دیگر شعبہ جات میں سکیل 17کو سکیل 18اور سکیل 18کو سکیل 19اور سکیل 16کے ملازمین کو سکیل 17کا اضافی چارج دےکر کام چلایا جا رہا ہے جبکہ بجٹ 2021-22 میں واسا کی جانب سے 374سکیل 17اور اس سے اوپر کے سکیل کی 374 سیٹیں اور فنڈ ز منظور کروایا گیا تھا لیکن ان 374سیٹوں پر 260افسران سے کام چلایا جا رہا ہے اور 114خالی اسامیوں پر تاحال تعیناتی نہیں کی جا سکی جو کہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق اس وقت سکیل 17اور اس سے اور سکیل کی اہم سیٹوں پر موجودہ تعیناتی کے مطابق 30.5 فیصد کمی ہے۔ صوبائی ڈی جی آڈٹ کی جانب سے ایم ڈی واسا کی طرف سے آڈٹ پیروں کا جواب نہ دینے کے بعد ڈی جی آڈٹ ورکس پنجاب نے سیکرٹری ہاﺅسنگ کو 15مئی 2023کو تحریری طور پر واسا لاہور میں 114خالی آسامیوں کی تعیناتی میں تاخیر کے حوالے سے لیٹر لکھا گیا تھا جس کو ہاﺅسنگ میں 18مئی 2023ڈائری نمبر 2933کے مطابق وصول کیا گیا تھا۔ آڈٹ رپورٹ میں منظوری سے کم افسران سے کام چلانے سے انتظامی امور میں خرابی کا ذکر بھی کیا گیا ہے اور اس پر رپورٹ بھی مانگی گئی تھی۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق واسا لاہور میں 114 آسامیوں پر تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے منظور ہونے والے فنڈز کا استعمال کہاں کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق آڈٹ رپورٹ پر واسا لاہور کی جانب سے تاحال جواب جمع نہیں کروایا جاسکا۔ آڈٹ رپورٹ میں لکھا گیا ہے اس صورتحال کے حوالے سے تفصیلی جواب جمع کروایا جائے۔
مستقل افسران ندارد، واسا شعبہ آپریشن سمیت پرکشش سیٹوں پر آن پے سکیل ملازمین تعینات


















