لاہور(ہیلتھ رپورٹر)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت جناح برن اینڈ ری کنسٹرکٹو سرجری سنٹر میں اہم اجلاس منعقدہوا،اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد ودیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی،نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران موروثی بیماریوں میں مبتلا بچوں کے علاج کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاہے ہمیں اپنے معاشرے کو موروثی بیماریوں سے محفوظ بنانا ہوگا،جلد چلڈرن ہسپتال سمیت لاہور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں اس حوالہ سے سمینار منعقد کرائے جائیں گے،حکومت پنجاب اور پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کلینیکل ریسرچ میں معاونت کریں گے،جناح ہسپتال کا برن سنٹر مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کررہا ہے،جناح برن سنٹر میں ریسرچ کے مختلف پراجیکٹس شروع کئے جائیں گے،پاکستان میں بائیو ٹیکنالوجی انڈسٹری کے فروغ کی اشد ضرورت ہے،جناح برن سنٹر میں موروثی بیماریوں سے متاثرہ چار ہزار سے زائد خاندان رجسٹرڈ ہیں۔
قبل ازیں نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے انڈس ہسپتال جوبلی ٹاون کا تفصیلی دورہ کیا-نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے انڈس ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں سید بابر علی، سید شاہد علی، رکن قومی اسمبلی علی پرویز ملک، عارف سعید، ڈاکٹر میاں احسن و دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔انڈس ہسپتال کی انتظامیہ نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے زیر تعمیر ڈینٹل کالج جوبلی ٹاون کا دورہ بھی کیا۔پرنسپل ڈی مونٹ کالج نے زیر تعمیر ڈینٹل کالج میں جاری پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا، اس موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ انڈس ہسپتال جوبلی ٹاون میں مریضوں کو صحت کی بین الاقوامی سطح کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انڈس ہسپتال نیٹ ورک پاکستان بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت کررہا ہے،انڈس ہسپتالوں میں مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جسٹس (ر) اکرم روڈ پر آپکا کلینک چلارہے ہیں۔
ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ آپکا کلینک پر تمام سینئر کنسلٹنسی اللہ پاک کی رضا کی خاطر مریضوں کا مفت علاج کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم خیرات دینے میں پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ پاکستان آبادی کے اعتبار سے اگلے بیس سال بعد دنیا کا تیسرا بڑا ملک بننے جا رہا ہے۔ ہمیں عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہوں گی، سید بابر علی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ یہاں آکر میرا خون بڑھ گیا۔ انڈس ہسپتالوں میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے ڈیپارٹمنٹ بنایا جائے۔انڈس ہسپتالوں میں ملازمین کی معیار زندگی بلند ہونا چاہئے۔
معاشرے کو موروثی بیماریوں سے محفوظ بناناترجیح ہے،ڈاکٹر جاوید اکرم



















