خواتین کی پامالی کے الزامات بے بنیاد،سازش کامقصد قومی اداروں کو بدنام کرناہے،آئی جی

لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب عثمان انورنے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر،ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سوشل میڈیا کے ذریعے خواتین کی تذلیل ،انسانی حقوق کی پامالی پر پولیس ،جیل حکام پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ،حقائق کے برعکس ہیں ،مقصد بین الاقوامی سطح پر قومی اداروں کو بدنام کرنا ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہاسوشل میڈیاانفلوئنسرز(Influencers) کی جانب سے چند روز میں لگائی جانیو الی کسی بھی پوسٹ، تصویر یا ویڈیو کا 9مئی واقعہ سے کوئی تعلق نہیں، تمام پوسٹیں ماضی کے سالوں میں رونما ہونےوالے پرانے واقعات پر مبنی ہیں ،فوری ایکشن لےکر ذمہ داروں کےخلاف قانونی و محکمانہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جاچکی ، آئی جی پنجا ب نے دوران کانفرنس9 مئی سے جوڑی گئی سوشل میڈیا پر چلنے والی پرانی پوسٹوں ،ویڈیوز کے سکرین شاٹس دکھا کر تما م واقعات اور کیے گئے پولیس ایکشن کی تفصیلات بھی بتائیں۔

عثمان انور نے کہاپنجاب کے تمام پولیس سٹیشن کے اندر، باہر اور لاک اپ میں کیمرے موجود ہیں ،24 گھنٹے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی جاتی ہے، جیل کے اندر بھی 150کے قریب کیمرے موجود ہیں،لیڈی افسروںکے علاوہ کسی مرد نے کبھی کسی خاتون سے تفتیش نہیں کی ،تفتیش کے دوران انسانی حقوق کی پاسداری کا مکمل خیال رکھا گیا، جھوٹی بات کرنےوالوں کو شرم آنی چاہئے اگر کسی ایک خاتون کےساتھ زیادتی یا تذلیل کا واقعہ پیش آیا ہو تو جواب دہ ہوں گے۔

آئی جی پنجاب نے بیرون ملک پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاپاکستان کی ریاست ذمہ دار اور اپنے فرائض سے مکمل طور پر آگاہ،اپنے اداروں اور قومی ورثے کی حامل یادگار عمارتوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے ،انسانی حقوق کا تحفظ بھی ترجیحات میں سر فہرست ہے،بیرون تمام ہم وطنوں بالخصوص ڈاکٹروں کے سوالات وتحفظات کا جواب دینے کیلئے تیا رہیں،پولیس و دیگر قومی اداروں کے ساتھ ہونے والے پروپیگنڈہ کوزائل کرناہی ذمہ دارانہ صحافت ہے۔

دریں اثناآئی جی عثمان انور نے سروسز ہسپتال لاہور کا دورہ کیا ،ڈاکووں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے زیر علاج ڈولفن اہلکار محسن یوسف کی عیادت کی اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی، آئی جی پنجاب نے ڈولفن اہلکار کا ماتھا چوما اوربھرپور حوصلہ افزائی کی، آئی جی پنجاب نے ڈولفن اہلکار سے گفتگو کرتے ہوئے کہاشہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے دوران سینے پر گولی کھانے والے آپ جیسے نڈر جوان فخر ہیں۔