صوبائی وزیر کا سنٹرل جیل ساہیوال کا بھی دورہ، بے سہارا افراد کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے : اظفر علی ناصر

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) صوبائی وزیر ہاوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، اوقاف اور مذہبی امور بیرسٹر اظفر علی ناصر نے سنٹرل جیل ساہیوال کا دورہ کیا جہاں سپرنٹنڈنٹ چوہدری اصغر علی نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا۔ انہوں نے اندرون جیل مختلف بارکس، ہسپتال، کچن، نوعمروارڈ، خواتین وارڈ اور فیض احمد فیض بارک کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے اسیران سے ان کے مسائل دریافت کئے اور ان کے حل کےلئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے جیل ہسپتال میں ادویات کو چیک کیا اورزیر علاج قیدی مریضوں کی صحت بارے دریافت کیا۔ انہوں نے کچن میں اسیران کو فراہم کیا جانے والے کھانے کے معیار کو چیک کیا اور جیل میں صفائی انتظامات کو سراہا۔ بعدازاں صوبائی وزیر بیرسٹر اظفر علی ناصر نے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کے ہمراہ اولڈ ایج ہوم ساہیوال کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے اولڈ ایج ہوم میں مقیم بزرگوں سے ملاقات کی اور سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات بارے دریافت کیا۔ انہوں نے کچن، واش رومز اور بیڈرومز میں صفائی انتظامات کو سراہا اور ڈپٹی ڈائیرکٹر سوشل ویلفیئر عکاشہ رسول کو ہدایت کی کہ بزرگ شہریوں کی بہترین دیکھ بھال کی جائے اور اس حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اور کمشنر ساہیوال نے وہاں مقیم افراد میں کپڑے میں تقسیم کئے۔ بعدازاں انہوں نے دارالامان ساہیوال کا دورہ کیا اور دارالامان کی عمارت میں صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دارالامان میں مقیم خواتین سے ان کے مسائل دریافت کئے اور انہیں حل کرنے بارے ہدایات جاری کیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بے آسرا اور بے سہارا افراد کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید عثمان منیر بخاری، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ساہیوال اشتیاق احمد خان، ڈپٹی ڈائریکٹراوکاشہ رسول اور منیجر اولڈ ایج ہوم محمد رفیق رامے بھی اس موقع پر موجود تھے۔