ہمیں پاکستان کو مضبوط کرنے کیلئے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا:ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے جنرل ہسپتال لاہورکا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے جنرل ہسپتال میں اکیڈمک کونسل کے اجلاس کی صدارت کی،جس میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید ودیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی فیئر ویل پارٹی کا انعقاد بھی کیا گیا۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ جنرل ہسپتال آنے والے مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کررہا ہے۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید کی سربراہی میں جنرل ہسپتال ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پروفیسر خالد محمود چھوٹے بھائیوں کی طرح ہے۔ایک لیڈر کی کوئی ایکسپائری ڈیٹ نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں پاکستان کو مضبوط کرنے کیلئے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ہم ڈاکٹرز ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔ڈاکٹرز ہسپتالوں میں ایک یونٹ کی مانند کام کرتے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں بچوں کے علاج کیلئے 40 بستروں کو مختص کیا گیا ہے۔ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ ریسرچ کے مطابق پاکستان میں ہر چالیس سال کا انسان بلڈ پریشر کا مریض بن رہا ہے۔ اس معاشرے کی بہتری کیلئے اٹھایا گیا ہر قدم اللہ پاک کی نظر میں اہم ہوگا۔ بعدازاں نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کیلئے ہماری جان بھی حاضر ہے۔ جنرل ہسپتال میں بہترین پارکنگ پلازہ بنانے جا رہے ہیں۔وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کچھ روز قبل پی کے ایل آئی میں ہونے والے اجلاس کے دوران صحت کارڈ بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ایک ماہ پہلے سے ہی چھٹی کیلئے اپلائی کیا ہوا تھا۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی ایکس پاکستان لیو گزارنے کے بعد انشاءاللہ دوبارہ جوائن کریں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈاکٹرز کو ڈاکٹر یاسمین راشد کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب کی نگران حکومت کو کسی فرد واحد نہیں بلکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مینڈیٹ دیا ہے۔پنجاب کی نگران حکومت کا صاف، شفاف اور پرامن انتخابات کروانے کے علاوہ اور کوئی مینڈیٹ نہیں ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ میرے لئے وزیر کی نسبت ایک ڈاکٹر ہونا زیادہ اہم ہے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آج ہی یہ منصب چھوڑنے کو تیار ہیں۔پنجاب کی نگران کابینہ نہ کوئی تنخواہ لے رہی ہے اور نہ ہی کوئی پروٹوکول۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ موسم کے درجہ حرارت میں اضافہ کے باعث ہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے۔ پنجاب میں ادوایات کی کمی کو دور کرنے اور مانیٹرنگ کیلئے آن لائن ڈیش بورڈ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید نے کہاکہ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کے ویژن کے مطابق جنرل ہسپتال میں خدمت انسانیت کررہے ہیں۔ قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفریدنے ٹیچر آف دی ٹیچرز نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو جنرل ہسپتال میں خوش آمدید کہا۔