کمشنر ساہیوال کی زیرنگرانی سیوریج، پانی کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر نگرانی ساہیوال شہر میں پسپ پروگرام کے تحت سیوریج کے مسائل کے مستقل حل اور پینے کے پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور دی گئی ڈیڈ لائنز پر مکمل عمل کیا جا رہا ہے۔ پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان نے پروگرام سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیوریج لائنوں کے بچھانے کے منصوبے میں اب تک طارق بن زیاد کالونی، فریدیہ پارک روڈ، کچا پکا نورشاہ روڈ، جھال روڈ، ریلوے روڈ، اولڈ ہڑپہ روڈ، آڑاتلہ روڈ اور فرید ٹا¶ن میں کام مکمل ہو چکا ہے اور مڈھالی روڈ پر سیوریج لائن ڈالنے پر پوری رفتار سے عمل درآمد کیا جارہا ہے جو اس ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جن سڑکوں پر سیوریج لائن بچھائی جا چکی ہے ان کی مرمت کا کام بھی جاری ہے اور انہیں بھی مئی کے آخر تک مکمل کر لیا جائےگا۔ اسجد خان نے مزید بتایا کہ فتح شیر روڈ کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے جسے ہر حال میں 15جون تک مکمل کر کے ٹریفک کےلئے کھول دیا جائےگا جس سے عوام کی دیرینہ مشکل حل ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی دلچسپی سے عنائت الٰہی میں واٹر سپلائی سکیم مکمل کر لی گئی ہے اور جمعرات سے کالونی کے 2300 گھرانوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی شروع ہو جائےگی۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ شہر کے43ہزار سے زائد گھروں تک پانی کے کنکشن پہنچانے کے بڑے منصوبے پر بھی کام جاری ہے اور اب تک25202کنکشنز کی فراہمی کا کام مکمل کیا جا چکا ہے اس کے علاوہ شہر کے29ٹیوب ویلز کی مرمت بھی کر دی گئی ہے اور 4میں سے3اوور ہیڈٹینک کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ10مزید واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کےلئے جگہ کی نشاندہی ہو چکی ہے۔ اسجد خان نے بتایا کہ پسپ پروگرام کے تحت شہر کی4بڑی سڑکوں کی تعمیرنو کرکے انہیں ماڈل روڈ بنایا جائےگا جن میں سے علامہ اقبال روڈ (ڈی سی ہاوس روڈ) اور ہائی سٹریٹ پر کام شروع کر دیا گیا ہے جنہیں 30جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔