ُساہیوال (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے نشہ کرنے والوں کے علاج اور انہیں دوبارہ معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لئے ڈرگ بحالی سنٹر بنانے کی منظوری دے دی جو 10 بیڈز پر مشتمل ہو گا جہاں نشہ کرنے والوں کے مکمل علاج تک انہیں زیر علاج رکھا جائے گا،منظوری کمشنر آفس میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں دی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ اور ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا، ڈاکٹر عبدالمجید نیازی اور ڈاکٹر منتظر مہدی نے بھی شرکت کی۔
انہوں نے کہا چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی خصوصی دلچسپی صوبے میں نشہ کرنے والے افراد کے علاج اور بحالی پر ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے ڈرگ بحالی سنٹر کے لئے تمام ضروری عملہ کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے سنٹر انچارج سائیکاٹرسٹ ڈاکٹر منتظر مہدی کو ضرورت کی دوسری تمام سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی،دوسری جانب ساہیوال پاک پتن روڈ کی کارپٹنگ تیزی سے جاری ہے اور ضلع ساہیوال کی حدود میں سڑک کی ایک سائیڈ اسی ماہ کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی، جس سے سفر کرنے والوں کی مشکلات دور ہو جائیں گی۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی گئی جس میں پسپ پروگرام اور ہائی وے کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اے سی جنرل وقاص ظفر اور سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ساہیوال پاک پتن روڈ نہایت اہم بین الاضلاعی سڑک ہے جس پر روزانہ ہزاروں مسافر سفر کرتے ہیں اس لئے اس کی جلد کارپٹنگ انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ضلع ساہیوال کی حدود میں 13 کلو میٹر حصے پر سڑک کی ایک سائیڈ کی کارپٹنگ اسی ماہ کے آخر تک مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی۔ کمشنر ساہیوال نے پسپ پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ گھروں تک پانی کے کنکشن فراہم کرنے کے پروگرام میں گلیوں کی ساتھ ساتھ بحالی اور صفائی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے نئے تعمیر ہونے والے جھال روڈ پل کے دونوں اطراف ڈرین بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ بارش کا پانی پل کو نقصان نہ پہنچاسکے۔
ُساہیوال :نشئیوں کو کارآمد شہری بنانے کےلئے ڈرگ بحالی سنٹر بنانے کی منظوری


















