اسلام آباد(بیورورپورٹ)ملک میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کی درخواست پر سپریم کورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا،سپریم کورٹ نے 27اپریل کی سماعت کا حکم نامہ ایک ہفتے بعد جاری کیا، چیف جسٹس پاکستان نے تین صفحات پر مشتمل حکم نامہ تحریر کیا جس میں کہا گیا عدالت نے سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی کوئی ہدایت نہیں کی،سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں مزید کہا ہے سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذاکرات انکی اپنی کوشش ہے، 14مئی کو انتخابات کروانے کا حکم اپنی جگہ برقرار ہے،دوسری جانب ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کا کیس سپریم کورٹ آف پاکستان میں سماعت کیلئے مقرر ہوگیا،چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ آج ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کے کیس کی سماعت کرے گا،چیف جسٹس عمربندیال کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے گزشتہ ماہ 27اپریل کو بھی کیس کی سماعت کی تھی، بنچ کے دیگر ججز میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں،سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت آج دن ساڑھے 11 بجے ہوگی۔
چودہ مئی کو پنجاب میں انتخابات کا حکم برقرار ہے:سپریم کورٹ،سماعت آج


















