لکی مروت (غلام اکبر مروت سے) لکی مروت میں دہشت گردوں کےخلاف سی ٹی ڈی اور مقامی پولیس کا آپریشن مکمل ہوگیا، آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں مارے گئے۔لکی مروت کے نواحی گاوں پہاڑ خیل تھل میں خیبر پختونخوا محکمہ انسدادِ دہشت گردی پولیس بنوں نے مقامی پولیس کے ہمراہ آپریشن کا آغاز کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔دہشت گردوں کے ساتھ تبادلے میں دو سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں انسپکٹر جاوید بائیست خیل اور اے ایس آئی عرفان شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے گورنمنٹ سٹی ہسپتال لکی مروت منتقل کیا گیا ہے۔ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں تحسین اللہ اورنعمان ساکنان پہاڑخیل تھل شامل ہیں۔ مبینہ دہشت گردوں نے لکی مروت شہر میں آئی ایس آئی سے پچھلے مہینے ریٹائرڈ ہونے والے کرنل مقرب خان مروت کو ان کے حجرے میں فائرنگ کرکے شہید کیا تھا۔ وہ لکی مروت شہر کے محلہ خوائیدادخیل میں اپنے حجرے میں لوگوں سے عید مل رہے تھے۔ان کے بھائی محمد عالم نے پولیس کو بتایا کہ وہ دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ اپنے حجرے میں موجود تھے کہ مول باندے دو دہشت گرد جو کلاشنکوفوں سے مسلح تھے موٹر سائیکل پر آئے اور ایک نے ہم سب پر کلاشنکوف تان کر وارننگ دی کہ کوئی بھی اپنی جگہ سے نہ ہلے اور دوسرے دہشت گرد نے بھائی کرنل ریٹائرڈ مقرب خان مروت پر فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوئے اور کچھ دیر میں وفات پاگئے۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ انکے بھائی چالیس روز پہلے آئی ایس آئی سے ریٹائرڈ ہوئے تھے۔ کرنل مقرب خان مروت پاکستان آرمی ایوی ایشن کے مایہ ناز سینئر پائلٹ، جنرل مشرف، جنرل راحیل شریف اور جنرل اشفاق پرویز کیانی کے ساتھ انکی ٹینور میں ڈائریکٹ فلائنگ کی، وہ کاکول اکیڈمی کے ٹاپر تھے انہوں نے بیسٹ شوٹر ایوارڈ اور بیسٹ فلائنگ ایوارڈ بھی حاصل کئے تھے۔ تعلق لکی مروت شہر کے خوائیدادخیل قبیلے سے تھا۔ ان کی نمازجنازہ آبائی قبرستان خوائیدادخیل میں ادا کی گئی۔ بعدازاں ان کی میت کو اسلام آباد لے جایا گیا اور وہاں نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد اسلام آباد کے قبرستان میں سپردخاک کردئیے گئے۔پچھلے مہینے 30 مارچ کو دہشت گردوں نے تھانہ صدر لکی مروت پر حملہ کیا تھا۔ ڈی ایس پی اقبال مہمند بکتر بند گاڑی میں پولیس پارٹی کے ہمراہ تھانہ صدر جارہے تھے کہ انہیں آئی ایس ڈی سے نشانہ بنایا گیا جس میں وہ دیگر تین اہلکاروں سمیت شہید ہوگئے تھے۔
لکی مروت:سی ٹی سی اور پولیس کا آپریشن، ریٹائر کرنل کو شہید کرنے میں ملوث 2 دہشت گرد ہلاک
















