امراض قلب کے مریضوں کیلئے ڈرپ اینڈ شپ منصوبہ شروع کرینگے :ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے نمائندہ خصوصی ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور سپیشل سیکرٹری آپریشنز شعیب جدون نے شرکت کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران پرائمری انجیوپلاسٹی کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے اس حوالے سے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو بریفنگ دی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے ڈرپ اینڈ شپ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہارٹ اٹیک کی صورت میں مریض کو ضروری انجکشن لگا کر ایمبولینس کے ذریعے تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں بھیجا جائےگا۔ تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں پرائمری انجیوگرافی کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں قریبی بڑے ہسپتالوں میں شفٹ کیا جائےگا۔ ریسکیو 1122 کی خصوصی ایمبولینس مریض کو ہسپتالوں میں منتقل کریں گی۔ اس حوالے سے پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات اور ذمہ داران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ڈرپ اینڈشپ ابتدائی طور پر پنجاب کے 4 اضلاع شیخوپورہ، قصور، جھنگ اور چنیوٹ میں شروع کیا جا رہا ہے۔ پنجاب کے 9 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ابھی تک تقریباً 3 ہزارمریضوں کو پرائمری انجیوپلاسٹی کی سہولت فراہم کی جاچکی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے نمائندہ خصوصی ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے اس موقع پر کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ویژن کے مطابق ڈرپ اینڈ شپ منصوبے کو کامیاب بنائیں گے۔ ڈرپ اینڈ شفٹ منصوبہ کے تحت دل کے امراض میں مبتلا سینکڑوں مریضوں کو سہولت ملے گی۔