اسٹیبلشمنٹ، پی ٹی آئی اور حکومت کو معاملات آگے بڑھانے چاہئیں،فواد چودھری

لاہور (خبر نگار ) پی ٹی آئی نے صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے عدالتی اصلاحات بل واپس بھیجنے کے عمل کو درست اقدام قرار دیتے ہوئے کہاہے مسائل کاحل صرف بات چیت ہے،اسٹیبلشمنٹ، پی ٹی آئی اور حکومت کو مذاکرات کرکے معاملات آگے بڑھانے چاہئیں۔

حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاصدر مملکت کا عدالتی اصلاحات بل واپس بھیجنا درست اقدام ہے ، سپریم کورٹ فیصلہ کرے گی قانون بن سکتا ہے یا نہیں،342 کے ایوان میں 42 اراکین نے سپریم کورٹ کیخلاف قرارداد پر دستخط کیے، سب نااہل ہونے والے ہیں، کسی بھی اہم رکن کے قرارداد پر دستخط نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہاکوئی سیاسی جماعت اتنے بزدل لوگوں پرمشتمل ہوسکتی ہے ، کونسی سیاسی جماعت انتخابات سے بھاگ سکتی ہے، عوام فوری انتخابات چاہتے ہیں، کس جج نے کہا 90 دن میں انتخابات ضروری نہیں؟ حکومت ججز میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے،پی ٹی آئی کا جسٹس اطہرمن اللہ سے احترام کارشتہ ہے کسی جج پر انگلی اٹھانے کاسوچ بھی نہیں سکتے ، فیصلوں سے اختلاف ہوتا ہے، احترام پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف پرمشتمل ہے۔

مسائل کا حل صرف انتخابات ہیں،ذاتی طور پر سمجھتا ہوں اسٹیبلشمنٹ بیٹھے، حکومت بیٹھے اور ہم بیٹھیں اور ایک دوسرے کو سپیس دے کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں،مذاکرات کی بنیاد ایک ہے الیکشن کا حق تسلیم کرنا پڑےگا،فواد چودھری نے کہا کیا پاکستان میں انتخابات دہشتگردوں کی مرضی سے ہوں گے ؟ دنیا کو بتائیں گے الیکشن کیلئے 10ملین ڈالر بھی نہیں، پنجاب میں پراپرٹی ڈیلرو زیربن گئے ،پیپلزپارٹی کاعدلیہ مخالف مہم کاحصہ نہ بننے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

حماد اظہر نے کہا پی ڈی ایم حکومت کو تقریباً ایک سال مکمل ہوچکا ، دیکھتے ہیں ایک سال میں معیشت پرکیا گل کھلایا ؟ آٹے کی لائنز میں لگ کر20 افراد جانیں دے چکے ، وزیرخزانہ موسم بہار کانفرنس میں نہ جائیں ایسا کبھی نہیں ہوا، ورلڈبینک، آئی ایم ایف کے ایم ڈی نے وزیرخزانہ سے ملنے سے انکارکردیا۔