نوآبادیاتی دور کی باقیات دفعہ 124 اے کو آخری آرام گاہ پہنچانے کا وقت آگیا :جسٹس شاہد کریم

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہورہائیکورٹ نے بغاوت کے قانون کی دفعہ 124اے کالعدم قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق کی درخواست پر بغاوت کی دفعہ 124اے کالعدم قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہاگیا ہے دفعہ 124اے بنیادی حقوق سے مطابقت نہیں رکھتی، اس لیے اسے مکمل ختم کیا جاتا ہے، اگر یہ دفعہ برقرار رہی تو آزاد پریس کےلئے مستقل خطرہ بنی رہے گی،فیصلے میں کہا گیا ہے قانون کی حکمرانی میں آزاد پریس اہم عنصر ہے، حقیقی آئینی جمہوریت میں میڈیا کا کام لوگوں تک معلومات پہنچانا ہے، ملکی آئین کے تحت دفعہ 124اے برقرار نہیں رہ سکتی، دفعہ 124اے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے خلاف تنقید روکتی ہے جبکہ آرٹیکل 19آزادی اظہار رائے کا حق دیتا ہے،فیصلے کے مطابق اگر دفعہ 124اے کو رہنے دیا گیا تو میڈیا بھی اسکا شکار ہوجائے گا، وقت کا تقاضا ہے نفرت انگیز تقریروں کے خلاف ہتک عزت کے قانون کو مضبوط کیا جائے، سیاسی مخالفین میں محبت نہیں ہوتی اس لیے وہ جو بھی کہیں گے وہ 124اے کی زد میں آجائےگا،فیصلے میں مزید کہا گیا ہے ہم نے سیاسی میدان میں کیسز کے دوران گہری دشمنی بھی دیکھی ہے، سیاسی جلسوں میں صوبائی اور وفاقی عہدوں پر فائز مخالفین کے لیے نفرت دیکھی جا سکتی ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ دوسرے سیاسی گروپ کا فرد یہ جرم کررہا ہوتا ہے،عدالت نے قرار دیا دفعہ 124اے نو آبادیاتی دور کی باقیات ہے، وقت آ گیا ہے اسے آخری آرام گاہ پہنچایا جائے۔