اسلام آباد (مشرق نیوز) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے پیٹرن ان چیف گوہر اعجاز نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کئے گئے خط میں اپٹما کے پیٹرن ان چیف گوہر اعجاز نے لکھا ہے کہ ٹیکسٹائل کی 50 فیصد صنعت بندش کے دہانے پر پہنچ گئی ہے، رواں سال ٹیکسٹائل برآمدات گزشتہ سال سے تین ارب ڈالر کم رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل برآمدات تیزی سے اور مستقل کم ہو رہی ہیں، فروری کی ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کی برآمدات باآسانی ایک ارب ستر کروڑ ڈالر ہو سکتی تھی، لیکن زرمبادلہ مسئلے سے پیدا ہوئی توانائی قلت اور نرخ نے پیداواری صلاحیت کو متاثر کیا ہے۔ گوہر اعجاز نے وزیراعظم کو لکھا ہے کہ ٹیرف اور لانگ ٹرم فنانسنگ کے ذریعے بڑھائی گئی پیداواری صلاحیت توانائی نہ ہونے اور پرزہ جات کی قلت کے سبب استعمال نہیں ہو رہی ہے، اس کے علاوہ خام مال کی عدم دستیابی اور سیلز ٹیکس ریفنڈ کی عدم ادائیگی کے باعث ایکسپورٹرز کو پیداوار جاری رکھنے میں مشکلات ہیں۔ اپٹما کے پیٹرن ان چیف نے اپنے خط میں شہباز شریف کو تجویز دی ہے کہ ٹیکسٹائل شعبے کی پورٹ پر پہنچی تمام درآمدات کو کلیئر کیا جائے اور ایکسپورٹ شعبے کو خام مال اور پرزہ جات کی درآمد کیلئے بینکوں کو ایل سیز کھولنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔
ٹیکسٹائل صنعت کا پچاس فیصد بندش کے دہانے پر پہنچ گیا



















