عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم

لاہور(خبر نگار)عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم ،تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کردیا،نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے یوم پاکستان پر مزاراقبال پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاعمران خان کے الزامات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنادیا اگر عمران خان پر حملے کے الزام میں ایک فیصد بھی سچائی ہوگی تو ملوث لوگوں کو سخت سزا ملے گی ۔

الزام درست ہے تو ایکشن ہونا چاہیے غلط ہے تو تب بھی ایکشن ہونا چاہیے،محسن نقوی نے مزید کہا عمران خان پولیس والوں کو برا بھلا کہنے کیساتھ سکیورٹی بھی مانگ رہے ہیں، پولیس والوں کو گالم گلوچ و دھمکیاں غلط بات ہے،انتخابات کی تاریخ آگے لے جانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کا ہے۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب کے علاوہ دیگر اداروں سے مشاورت کی تو سوچ سمجھ کر ہی فیصلہ کیا ہوگا،الیکشن کی تاریخ کے معاملے میں صرف پنجاب حکومت کا عمل دخل نہیں،الیکشن کاتعین کر نے میں بہت سے ادارے کارفرماں ہوتے ہیں۔

میں نے الیکشن نہیں لڑنا،سیاست نہیں کرنی لیکن لوگوں کی فلاح وبہبود کا کام ضرور کرنا ہے،5 ارب صرف رمضان بازار لگانے پر خرچ آرہا تھا، گزشتہ برس ٹینٹ کا کرایہ 2ارب 40کروڑ تھا اب سارامالی فائدہ عوام کو پہنچانا چاہتے ہیں،پہلے لینڈ کروزر والے کو بھی امدادی نرخ پر آٹا مل رہا تھااب صرف مستحقین کو مفت آٹادیں گے۔