ساہیوال (بےورو رپورٹ) شہر میں زیر تعمیرسیوریج منصوبے پر کام کی رفتار سست ہونے کا نوٹس، کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے تمام کمپنیوں کے نمائندوں کو دفتر طلب کر لیا۔ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرانا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ کام میں سستی کرنے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیا جائےگا، شعیب اقبال سید کی وارننگ۔ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے باسی ان جاری کاموں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اس لئے تمام منصوبے کو مقررہ مدت کے دوران مکمل کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موسم کے بہتر ہونے پر جن سڑکوں میں سیوریج پائپ بچھادیا گیا ہے ان کی مرمت بھی مکمل کی جائے۔قبل ازےں کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر کے سرکاری و نجی بس اڈوں پر مسافروں کو تمام ضروری سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کر دی۔ اڈوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری آر ٹی اے واصف یاسین کو ہدایت۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کی انتظارگاہ اور واش رومز کی صفائی یقینی بنائی جائے اور پینے کا پانی دستیاب رہے۔ انہوں نے چوبیس گھنٹے انتظار گاہ کھلا رکھنے اور لائٹنگ کا انتظام بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈی سی چوک سے مشن چوک تک علامہ اقبال روڈ کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ سڑک کی تعمیر کے کام کی افتتاحی تقریب ڈی سی آفس چوک میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان اور پسپ کے سٹی منیجرز اسجد خان نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ سڑک کی تعمیر سے شہریوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری دفاتر آنے والے ملازمین اورسکول اور کالجز میں جانے والے بچوں کو آسانی میسر آئےگی۔انہوں نے کہا کہ دوران تعمیر کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ اس کے ثمرات طویل عرصہ تک دستیاب رہیں۔دوسری طرف پنجاب ثقافت دیہاڑ کے سلسلے میں ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تھے۔ تقریب میں پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کےلئے مختلف سٹالز بھی لگائے گئے جہاں مقامی سرکاری و نجی کالجز کے طلبہ و طالبات، صنعت زار اور دوسرے اداروں نے پنجاب کی ثقافت سے جڑی اشیاءکی نمائش کی۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز وسیم اکرم اور الیاس اکبر سگھلہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جناح ھال میں منعقدہ ثقافتی تقریب میں سپیشل ایجوکیشن سکول کے بچوں نے“بھنگڑا”پیش کیا جبکہ گورنمنٹ امامیہ کالج کے ایک طالب علم نے“چھلا”پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لئے۔ پروگرام کی خاص بات ایک نجی سکول کی طالبات کی طرف سے پنجاب کے روایتی کھیلوں ’کوکلا چھپائی‘، ’پٹھوگرم‘ ’ککلی‘ اور گدا کی پرفارمنس تھی جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ گورنمنٹ گریجویٹ کالج کی طالبات نے ہڑپائی تہذیب کی بہترین عکاسی کی اور 5 ہزار سال پہلے سے رائج کلچر سے متعلق سٹال لگایا جنہیں شہریوں نے بے حد سراہا جبکہ معاشرے میں ثقافت کی اہمیت اجاگر کرنے کےلئے گورنمنٹ کالج کے شعبہ ہسٹری کے پروفیسر عمران جعفر نے خصوصی مقالہ پیش کیا۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنی تہذیب اور روایات پر فخر کرتی ہیں اور ان کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سال میں صرف ایک دن ثقافت کو دینے کی بجائے ہم سارا سال اپنی تہذیب و ثقافت پر فخر کریں۔
زندہ قومیں ہمیشہ اپنی تہذیب اور روایات پر فخر کرتی ہیں : کمشنر ساہیوال


















