سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں،تمام جماعتوں کو انتخابی مہم کی اجازت ہے'محسن نقوی

لاہور( خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب کے تمام ڈویژنل کمشنرز او رآر پی اوز کا اجلاس ہوا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کمشنرز ، آرپی اوز کو عوام کو ریلیف اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کیلئے ٹاسک دیدیا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کمشنرز ،آر پی اوز کو رمضان المبارک کے دوران مفت آٹے کی فراہمی کے خصوصی پیکیج کی خود نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت عوام کو رمضان المبارک میں حقیقی ریلیف دینے کیلئے مفت آٹے کا خصوصی پیکیج لا رہی ہے،پیکیج پر بہترین طریقے سے عملدرآمد کرانا آپ سب کی ذمہ داری ہے، مفت آٹے کے خصوصی رمضان پیکیج پر اچھے طریقے سے عملدرآمد یقینی بنا کر آپ دنیا کیساتھ آخرت میں بھی سرخرو ہوسکتے ہیں، پنجاب حکومت اچھے اضلاع کے افسروں وعملے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی، میں اور میری ساری ٹیم پیکیج کو کامیاب بنانے کیلئے فیلڈ میں موجود رہے گی، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شادی کی تقریبات میں ون ڈش ،وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا لاہور سمیت کئی شہروں سے ون ڈش او روقت کی پابندی نہ کرنے کی شکایات مل رہی ہیں، کمشنرز ،آرپی اوز اپنی فیلڈ فارمیشن کے ذریعے پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب بھر میں جعلی زرعی ادویات تیار و فروخت کرنے والے عناصر کیخلاف کریک ڈاون کا حکم دیتے ہوئے کہا جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، چند پیسوں کے عوض کاشتکاروں کو بھی لوٹتے ہیں او رفصلوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گندم خریداری مہم کے دوران حکومتی ٹارگٹ کو پورا کرنے کیلئے خریداری مراکز کے دوروں کی ہدایت بھی کرتے ہوئے کہاگندم کی چوری کو روکنے کیلئے موثر انداز سے کام کیاجائے، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر میکنزم تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہارمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوروں ،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے،دریں اثنانگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے 8 مارچ کو سیاسی کارکن کے جاں بحق ہونے کا کیس ٹریس کرنے والی پولیس ٹیم نے ملاقات کی،ملاقات کرنے والو ں میں ایس ایس پی عمران کشور، انسپکٹر علی بٹ، انسپکٹر نبی بخش، سب انسپکٹر عامر شہزاد، سب انسپکٹر زبیر، ہیڈ کانسٹیبل خرم شہزاد او رکانسٹیبل طیب شامل تھے،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا او رشاباش دی،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا آپ سب نے محنت اور پیشہ وارانہ انداز سے انتہائی کم وقت میں اندھے کیس کا سراغ لگایا،پنجاب حکومت آپ کی کارکردگی کو سراہتی ہے، جاں بحق شہری کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی سب کی ذمہ داری ہے، آپ نے پہلے بھی انصاف کے تقاضے پورے کئے اورآئندہ بھی پورے کریں گے،مزید برآںنگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں،تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کی اجازت ہے،سیاسی سرگرمیوں کو صرف میچ اور میراتھن کے باعث ایک روز کیلئے محدود کیا گیا۔