ساہیوال(بیورورپورٹ) کمشنر اوور سیز پاکستانی کمیشن پنجاب سید خادم عباس نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور انکی بھیجی ہوئی رقوم سے لاکھوں خاندانوں کی کفالت ہو رہی ہے۔ ان محنتی و انتھک پاکستانیوں کے مفادات کا تحفظ اور ان کے مسائل کا ترجیحی حل انتظامیہ اور پولیس کی ذمہ داری ہے جس سے پہلو تہی نہیں کی جا سکتی۔ وہ یہاں کمشنر آفس میں ساہیوال ڈویژن سے متعلقہ اوور سیز پاکستانیوں کے زیر التواءدرخواستوں پر کارروائی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں کمشنر ساہیوال ڈویڑن شعیب اقبال سید ،آر پی او محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر ،اے سی جنرل وقاص ظفر اور اے سی ریونیو میاں ندیم ارشد سمیت تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور متعلقہ محکموں کے افسرا ن نے شرکت کی۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اوور سیزپاکستانیوں کی عرصہ درراز سے زیر التواءدرخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں تاکہ ان کے مالی مفادات کا تحفظ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے ان محنت کش پاکستانیوں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت ان کے خون پسینے کی کمائی گئی بنائی گئی جائیداد پر دوسروں کا قبضہ برداشت نہیں کر سکتی -اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویڑن میں اوور سیز پاکستانیوں کی 471درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 185کو حل کر لیا گیا ہے جبکہ 150کلوز کر دی گئیں۔ اس وقت ڈویڑن بھر میں صرف119درخواستیں زیر التوا ہیں جن میں سے 84کا تعلق ضلع ساہیوال، 31ضلع اوکاڑہ اور 3ضلع پاکپتن سے متعلقہ ہیں۔ کمشنر سید خادم عباس نے ایک سال سے زائد زیر التوا درخواستوں پر ناراضگی کا اظہار کیا اور انہیں جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔
ملکی اقتصادی ترقی میں تارکین وطن کا کلیدی کردار ہے ،کمشنر اوور سیز پاکستانی کمیشن پنجاب


















