گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھا دی، چیئرمین نیب کا استعفیٰ چیف الیکشن کمشنر کیلئے پیغام ہے،پی ٹی آئی

لاہور(خبر نگار)تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھا دی، چیئرمین نیب کا استعفیٰ چیف الیکشن کمشنر کیلئے پیغام ہے، استعفے سے سبق لیا جائے، راجہ ریاض کی مشاورت سے چیئرمین نیب کی تقرری قابل قبول نہیں، لیڈر آف اپوزیشن پی ٹی آئی کا لگایا جائے، بعد میں چیئرمین نیب کی تقرری کی جائے، سب کو معلوم ہے راجہ ریاض لوٹا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو صدارت کی آفر بطور رشوت دی گئی، چیف الیکشن کمشنر نے اپنے عہدے کا بیڑا غرق کردیا، حکمرانوںکیلئے چیف الیکشن کمشنر کی خدمات اَن گنت ہیں، بیوروکریسی سیاسی معاملات سے علیحدہ رہے جس طرح ہندوستان کا وزیر داخلہ مقبوضہ کشمیر میں بات کرتا ہے اسی قسم کا رویہ رانا ثناء کا ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔