KPمیں ایمرجنسی کا فیصلہ ملکی مفاد میں کیا،خاموش تماشائی بن کر تباہی نہیں دیکھ سکتے تھے، وزیراعظم

گوجرانوالہ:(حاجی ریاست علی)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے خیبر پختونخوا میں مجبوری میں ایمرجنسی لگانی پڑی، فیصلہ ملکی مفاد میں کیا ،خاموش تماشائی بن کر تباہی نہیں دیکھ سکتے تھے۔

گوجرانوالہ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاخیبر پختونخوا کی ترقی و خوشحالی کیلئے حاضر ،ایمرجنسی کے اچھے نتائج نکلیں گے،آئے روز دھمکیاں ،لانگ مارچ کیے جارہے تھے، دھرنوں سے پورے ملک کا نظام مفلوج ہوتا ہے، سہیل آفریدی کوکہا تھا صوبے کو جو وسائل چاہئیں فراہم کریں گے، خاموش تماشائی بن کر تباہی نہیں دیکھ سکتے تھے اگر ایسا کرتے تو مجرمانہ غفلت ہوتی اور آنےوالی نسلیں معاف نہ کرتیں،سابق وزیر اعلیٰ کو کہا دہشتگردی کےخلاف مل کر چلیں، جواب میں لانگ مارچ کی دھمکیاں دی گئیںاب کی بار خون ریزی کا منصوبہ بنایاگیا تھا، پی ٹی آئی کی ماضی کی تاریخ بھیانک ہے، سیاسی محاذ آرائی کے باعث معاملات میں مشکلات پیدا ہوئیں۔

شہبازشریف نے کہا مذاکرات کے دوران لانگ مارچ کی کال واپس لینے پر اتفاق ہواتاہم آخری وقت میں مسودے کو منظور کرنے سے انکار کر دیا گیا، مذاکراتی کمیٹی نے معاملے کے حل کےلئے رات بھر بیٹھ کر کوششیں کیں، بات آگے نہ بڑھ سکی،خیبر پختونخوا کے عوام نے دہشتگردی کےخلاف بہت قربانیاں دیں، افغانستان سے 2018 کے بعد سے شروع ہونےوالا دہشتگردی کا سلسلہ اب تک جاری ہے،خلیجی جنگ کے اثرات پورے خطے پر ہیں ،مرحوم بشیر محمود ورک کےساتھ بھائیوں جیسا تعلق تھا، ،سیاست کےلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔