حکومتی تجویز مسترد ، پنجاب اور کنٹونمنٹس میں فوری بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پنجاب حکومت کی بلدیاتی انتخابات اپریل میں مرحلہ وار کرانے کی تجویز مسترد ،الیکشن کمیشن نے پنجاب ، کنٹونمنٹس میں فوری بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرلیا اورمتعلقہ ونگز کو انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کےلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہوا، نثار درانی، بابر حسن بھروانہ ، جسٹس (ر) اکرام خان سمیت سیکرٹری الیکشن کمیشن و دیگر سینئر افسروں نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت دسمبر میں دھند ، سردی ،فروری میں رمضان المبارک کے باعث بلدیاتی انتخابات 3 مراحل میں کرانا چاہتی ہے،الیکشن کمیشن نے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دےدیا،الیکشن کمیشن ،پنجاب حکومت کے درمیان الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219 کے تحت 20 اگست کو مشاورت مکمل ہوئی ،پنجاب حکومت نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 تک بلدیاتی انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی تاہم اب پہلے سے تجویز کردہ تاریخوں میں تبدیلی چاہتی ہے۔

جاری کیے گئے اعلامیے میں کہاگیاالیکشن کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرلیا اورمتعلقہ ونگ کو ہدایت کی صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا ڈرافٹ پروگرام منظوری کےلئے فوری طور پر پیش کیا جائے تاکہ انتخابی شیڈول جاری کرنے کا عمل آگے بڑھایا جاسکے،اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابی افسروں کی فہرستیں فراہم نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا،کمیشن نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی مطلوبہ فہرستیں ایک ہفتے کے اندر فراہم کی جائیں۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرلیا، کنٹونمنٹ انتخابات کے معاملے پر ایڈیشنل سیکرٹری دفاع ،ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز کے ساتھ 15 اپریل کو مشاورت ہوئی ،سیکرٹری دفاع کو کہا گیا تھا معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے سمری کی صورت میں پیش کیا جائے،متعلقہ ونگ کنٹونمنٹس کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کےلئے ضروری اقدامات کریں۔