امریکی،ایرانی نمائندوں کی ملاقات پاکستان میں ہوسکتی ہے،جرمن وزیر خارجہ

نیویارک،فرینکفرٹ:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)امریکی میڈیا نے کہاہے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران امن کے قیام کےلئے پاکستان کی بھرپور کوششیں ،ٹیلیفونک سفارتکاری کا اہم کردار ہے،پاکستانی قیادت نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کےلئے مختلف عالمی رہنماوں سے مسلسل رابطے کیے،تہران، ریاض، ابوظہبی، قاہرہ، استنبول ،برسلز کے اہم رہنماﺅں سے امن کے قیام اور ممکنہ مذاکرات پر گفتگو کی گئی۔

رپورٹ میں امریکی اخبار نے دعویٰ کیا پاکستانی رہنما امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان دونوں کے ساتھ قریبی روابط رکھتے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کو موثر ثالث کے طور پر دیکھا جا رہا ہے،وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مسلسل سفارتی رابطوں کے ذریعے خطے میں امن بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب جرمن وزیر خارجہ جوہان ویڈے فول نے تصدیق کرتے ہوئے کہا امریکہ ،ایران کے درمیان بالواسطہ رابطے اب براہ راست ملاقات کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں،دونوں ممالک کے نمائندوں کی اہم ملاقات پاکستان میں ہو سکتی ہے، مقصد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنا اور ممکنہ مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے۔