لاہور (کرائم رپورٹر) پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے انعقاد کیلئے پنجاب پولیس نے سکیورٹی کے جامع اور موثر انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقینِ کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی اور میچز کا انعقاد پرامن اور محفوظ ماحول میں یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل کوارڈینیشن قائم ہے تاکہ ایونٹ کے دوران ہر سطح پر فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پی ایس ایل سیزن 11 کے مجموعی طور پر 22 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ افتتاحی میچ آج قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز اورحیدرآباد کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ لاہور میں میچز کے دوران 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں، ٹیموں کے روٹس اور سٹیڈیمز کے اطراف سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں چیف ٹریفک پولیس آفیسر ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا ہے کہ آج کے میچ کی ڈیوٹی پر 900 کے قریب ٹریفک اہلکار مامور ہونگے ،سٹیڈیم کے اطراف میں رانگ پارکنگ نہیں ہونے دی جائیگی۔ فورک لفٹرز اور بریک ڈاونز ڈیوٹی پر ہر وقت تیار ہونگے،کسی بھی روڈ کو مستقل طور پر بند نہیں رکھا جائیگا، تمام سڑکیں بشمول مال روڈ جیل روڈ کینال روڈ ٹریفک کے لئے کھلی رہیں گی،فیروز پور روڈ اور مین بلیووارڈ گلبرگ پر بھی ٹریفک معمول کے مطابق چلتی رہے گی،شہریوں کو ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، راستہ ایپ،راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو آگاہ رکھا جائیگا۔ دریں اثناءپنجاب سیف سٹیز اور لاہور پولیس کی جانب سے خصوصی اور جامع حکمت عملی نافذ کر دی گئی ہے۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق قذافی سٹیڈیم، ایئرپورٹ، ہوٹلز اور میچ روٹس کی فول پروف سکیورٹی کیلئے مشترکہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ میچز کے دوران شہر بھر میں 950 سے زائد جدید کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ فیشل ریکگنیشن، آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی اینالیٹکس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سکیورٹی سسٹم کو مزید موثر بنایا گیا ۔ سیف سٹی کنٹرول روم کی ڈیجیٹل وال کے ذریعے سٹیڈیم کے اندر، باہر اور اطراف کے علاقوں کی 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے۔مزید برآں، سیف سٹی ڈرونز کے ذریعے سٹیڈیم، کھلاڑیوں کے روٹس، ہوٹلز اور ایئرپورٹ کے گرد و نواح کی فضائی نگرانی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ فیشل ریکگنیشن کیمروں اور جدید LTE ہینڈ سیٹس کے ذریعے سکیورٹی اقدامات کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔سیف سٹی ہیڈکوارٹر میں ورچوئل پیٹرولنگ افسران اور ٹیکنیکل ٹیمیں چوبیس گھنٹے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق بین الاقوامی سکیورٹی معیار کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور موثر کوآرڈینیشن کے ذریعے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔شہریوں کی سہولت کیلئے سیف سٹی ایف ایم 88.6 کے ذریعے ٹریفک روٹس، متبادل راستوں اور پارکنگ سے متعلق بروقت آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
پی ایس ایل کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل، تمام اداروں کا تعاون حاصل ہے: آئی جی

















