ایران خطے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے: سعودی وزیر خارجہ

ریاض (مشرق نیوز) مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا سعودی دارالحکومت ریاض میں اجلاس ہوا جہاں علاقائی سلامتی اور استحکام کو سپورٹ کرنے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب ایران حملوں کے بعد فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

خطاب کے دوران سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ایران خطے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے، ایران ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحانہ رویہ اپنا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ مسئلے کے حل کیلئے مذاکرات کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی طرف سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے شرکت کی، دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان تمام ممالک پر حملوں کے خاتمے پر زور دیگا۔

اجلاس میں آذربائیجان، بحرین، شام، قطر، ترکی، متحدہ عرب امارات نے شرکت کی، کویت، اردن، اور مصر کے وزرائے خارجہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ عرب اور اسلامی ممالک کے مشاورتی اجلاس کے اعلامیہ میں خطے پر ایرانی حملوں کی پرزور مذمت کی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق ایران خلیجی ممالک کے سول انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا رہا ہے، ایران ہوائی اڈوں، تیل تنصیبات،سفارتخانوں اورعوامی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے، یہ حملے کسی صورت جائز نہیں، اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے مطابق خلیجی ریاستوں کو دفاع کا حق حاصل ہے۔

اعلامیہ میں ایران سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین اورہمسایہ ممالک کا احترام کرے اورفوری طور پر حملے روکے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایران خطے کے امن اور استحکام کو یقینی بنائے، اعلامیہ میں ایران سے آبنائے ہرمز کو محفوظ بنائے اور عالمی تجارت میں خلل پیدا نہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔