کابل میں تکنیکی معاونت کے انفراسٹرکچر اور اسلحہ ذخیرہ گاہیں تباہ کردیں: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے آپریشن غضب الحق کے تحت کارروائیوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک فوج نے 16 مارچ کی رات آپریشن غضب للحق کے تحت کامیابی سے اہداف پر فضائی حملے کئے جس میں کابل اور ننگرہار میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو دہشت گردی کی سرپرستی میں ملوث تھیں۔

کارروائیوں میں کابل اورننگرہارمیں افغان طالبان حکومت کے دہشت گردی کی معاونت کرنیوالے ٹھکانوں کو نشانہ بنایاگیا،کابل میں دو مقامات پر تکنیکی معاونت کے انفراسٹرکچر اور اسلحہ ذخیرہ گاہیں تباہ کر دی گئیں، حملوں کے بعد ہونے والے ثانوی دھماکے بڑے اسلحہ ڈپو کی موجودگی کی واضح نشاندہی کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہاننگرہار میں بھی افغان طالبان حکومت کے زیر استعمال چار فوجی تنصیبات کونشانہ بنایاگیا،کارروائیوں میں لاجسٹکس،اسلحہ اور تکنیکی انفرا سٹرکچر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، تمام اہداف انتہائی درستگی کے ساتھ صرف ان تنصیبات کو بنایا گیا جو دہشت گرد گروہوں کی معاونت کیلئے استعمال ہو رہی تھیں۔

افغان طالبان حکومت پرفتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سمیت دہشت گرد نیٹ ورکس کی معاونت کا الزام ہے،طالبان حکومت کے پروپیگنڈے کوگمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ حقیقت دنیا اور افغان عوام سے پوشیدہ نہیں۔ پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہریوں کے تحفظ کیلئے آپریشن غضب للحق مطلوبہ اہداف کے حصول تک جاری رہیگا۔