تہران (مشرق نیوز) ایران کے آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کے اعلان کے بعد امریکہ کے بی 2 بمبار طیارے ایران کی جانب روانہ ہوگئے ہیں جبکہ مشرق وسطیٰ میں مزید امریکی فوج بھیجنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے جبکہ ایران نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خارگ جزیرے پر تیل تنصیبات محفوظ ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ بی 2 بمبار طیارے روانہ کرنے کا مقصد طویل فاصلے سے حملہ کرکے نہ صرف ایرانی حکومت سے لاحق خطرے کو ختم کرنا ہے بلکہ مستقبل میں اس کی دوبارہ طاقت بحال کرنے کی صلاحیت کو بھی ختم کرنا ہے۔ خیال رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 1 ہزار 348 ایرانی شہید ہو چکے جبکہ 17 ہزار سے زائد زخمی ہیں، ایرانی حملوں کے نتیجے میں اسرائیل میں 15 افراد ہلاک اور 2 ہزار 975 زخمی ہوئے جبکہ 15 امریکی ہلاک اور 140 زخمی ہوئے، لبنان پر اسرائیلی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 773ہو گئی ہے۔
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ امریکہ ایران میں اپنی فتح کا اعلان کرے اور وہاں سے نکل جائے جبکہ اسرائیل نے ایرانی شہر تبریز کے شہریوں کو فوری انخلا کی ہدایت کی ہے۔ حماس نے کہا ہے کہ ایران پڑوسی ممالک کو نشانہ بنانے سے گریز کرے، ایران کو امریکی،اسرائیلی جارحیت کے جواب میں جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے، بین الاقوامی اصولوں اور قوانین ایران کو جوابی کارروائی کی اجازت دیتے ہیں۔
حماس نے مزید کہا کہ ایرانی فوج سے اپیل ہے،خطے کے دیگر ممالک پر حملہ نہ کریں، خطے کے ممالک بھی جارحیت کو روکنے کیلئے تعاون کریں۔ ایرانی میڈیا نے بتایا ہے کہ مغربی ایران میں امریکی، اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ واشنگٹن سارہ یاگر کا کہنا ہے امریکہ کی جانب سے ایران میں سکول پر حملے سے جنگی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اگر حملہ کرنے والوں نے جان بوجھ کر بچوں سے بھرے سکول کو نشانہ نہ بھی بنایا ہو تو اسے غلطی قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ آج صبح اس کے ارکان نے شمالی اسرائیل میں راکٹ اور توپ خانے سے اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، ان حملوں میں اسرائیلی شہر صفد کے قریب واقع عین زیطیم اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسکے علاوہ سرحدی قصبے بلیدہ کے قریب اسرائیلی فوجیوں پر بمباری کی گئی ہے، یہ حملے لبنان کے علاقوں پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں گئے ہیں۔ عراقی حکام نے بتایا ہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، امریکی سفارتخانے پر میزائل حملہ ہوا ہے۔ عراقی حکام کے مطابق حملے کے بعد سفارت خانے کے احاطے سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔
دوسری جانب عراق میں مزاحمتی گروپ نے 24 گھنٹوں کے دوران امریکی اڈوں پر آٹھ حملے کیے ہیں، مسلح دھڑوں نے امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون اور میزائلوں کا استعمال کیا۔ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا نےک ئی ماہ تک بھارت کو روس سے تیل نہ خریدنے پرمجبورکیا، یورپ کوخام خیالی تھی روس کے خلاف امریکی حمایت مل جائے گی۔ اب دو ہفتوں کی جنگ کے بعد امریکہ دنیا سے روسی تیل خریدنے کی بھیک مانگ رہا ہے۔
ایران کا عراق میں امریکی سفارتخانے پر حملہ، بی 2 بمبار طیارے مشرق وسطیٰ روانہ

















