یونان جا کر دربدر ہی ہونا تھا، بہتر ہے یہاں ہی محنت مزدوری کرو: جسٹس ہاشم کاکڑ کا دلچسپ مکالمہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ میں بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر شہری سے رقم وصول کرنےوالے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 2 رکنیبنچ نے کیس کی سماعت کی، اس دوران عدالت کا متاثرہ شہری کے ساتھ دلچسپ مکالمہ بھی ہوا،دوران سماعت جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا ملزم نے کتنی رقم وصول کی، وکیل مدعی نے عدالت کو بتایا ملزم نے شہری سے ساڑھے 17 لاکھ روپے وصول کیے تھے،جسٹس ہاشم کاکڑ نے متاثرہ شہری سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کس ملک جانے کے لیے پیسے دیے تھے، شہری نے بتایا یونان جانے کےلئے رقم ادا کی تھی،جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دئیے یونان جا کر تم نے دربدر ہی ہونا تھا، جوان آدمی ہو بہتر ہے یہاں ہی محنت مزدوری کرو، کشتیوں کے ذریعے بیرون ملک جاتے ہوئے کئی لوگ مر بھی جاتے ہیں،عدالت نے استفسار کیا کیا ملزم نے رقم لینے کے بعد شہری کو بیرون ملک بھجوایا؟، وکیل مدعی نے بتایا نہ تو شہری کو بیرون ملک بھجوایا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی، ملزم کی جانب سے دیے گئے چیک بھی باونس ہو گئے ، چیک باونس ہونے کے مقدمات الگ سے درج کرائے گئے ہیں،دوران سماعت وکیل ملزم نے موقف اختیار کیا سپریم کورٹ میں یہ ان کا پہلا مقدمہ ہے، تیاری کےلئے مہلت دی جائے، جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دئیے عدالت عید سے پہلے فیصلہ کر دے گی، اگر ضمانت بنتی ہوئی تو مل جائے گی ورنہ نہیں،بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ پیر تک ملتوی کر دی،علاوہ ازیں سپریم کورٹ میں لڑائی جھگڑے کے ایک مقدمے میں ملزم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت ہوئی جہاں عدالت نے ملزم کے رویے پر سخت برہمی کا اظہار کر دیا ،سماعت کے دوران جسٹس ہاشم کاکڑ نے کمرہ عدالت میں ملزم کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ملزم کے تیور ٹھیک نہیں لگ رہے اور پوچھا کیا وہ کوئی بدمعاش ہے جو عدالت میں بھی طریقے سے کھڑا نہیں ہو سکتا، وکیل مدعی نے موقف اختیار کیا ملزم نے جھگڑے کے دوران مدعی کو راڈ مار کر اس کے گھٹنے کی ہڈی توڑ دی جبکہ اس کے خلاف لڑائی جھگڑے کے مزید 18 مقدمات بھی درج ہیں،جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دئیے تم کون ہوتے ہو جو لوگوں کے پاوں توڑتے پھرتے ہو، اگر فریقین میں صلح نہ ہوئی تو معاملہ قتل و غارت تک پہنچ سکتا ہے، خوشاب کے لوگ لڑائی جھگڑا آسانی سے نہیں چھوڑتے،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے مدعی عمر دراز سے پوچھا کیا وہ صلح کرنا چاہتے ہیں ، مدعی نے کہا ان کے ساتھ ظلم ہوا ہے اور وہ ملزم کو معاف نہیں کریں گے بلکہ اسے سزا دی جائے، مدعی نے کہا گھٹنا توڑنے کے باوجود ملزم انہیں دھمکیاں دیتا اور بدمعاشی کرتا ہے،عدالت نے ریمارکس دئیے لوگ تو قتل بھی اللہ کی رضا کےلئے معاف کر دیتے ہیں تاہم اگر صلح نہ ہوئی تو ملزم کو جرمانہ کیا جائے گا، جسٹس ہاشم کاکڑ نے خبردار کیا آئندہ سماعت تک راضی نامہ نہ ہوا تو نتائج سنگین ہوں گے،بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی، درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔