راولپنڈی: (بیورورپورٹ)جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمر ایوب، شبلی فراز، مراد سعید، زلفی بخاری ،شہباز گل سمیت 47 ملزموں کو 10، 10 سال قید ،5،5لاکھ روپے جرمانہ،منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں ضبط ،انسداد دہشتگردی عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔
سزا پانے والے ملزموں میں حما د اظہر، زرتاج گل، احمد اظہر، شہباز گل، احمد چٹھہ، کنول شوزب ،رائے حسن نواز، رائے مرتضیٰ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرہ ،اعجاز خان جازی ،شیخ راشد شفیق بھی شامل ہیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے تمام 47 ملزموں کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے کہا جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید قید بھگتنا ہوگی ،جائیدادیں ضبط ہوں گی،ملزم 9 مئی واقعات کی سازش میں ملوث پائے گئے،پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار ہے۔
فیصلے کے مطابق سزا یافتہ ملزم جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ، آرمی میوزیم ، سکستھ روڈ میٹرو سٹیشن ،پولیس پر حملوں میں ملوث ،جلاو گھیراو، توڑ پھوڑ کرکے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا،مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت مجموعی طور پر 118 ملزموں پر دسمبر2024میںفرد جرم عائد کی گئی،استغاثہ کے 44 گواہوں کے بیانات قلمبند ،18 ملزم دوران ٹرائل مسلسل غیر حاضر رہے ،29 ملزم مقدمہ درج ہونے کے بعد کبھی پیش ہی نہیں ہوئے،عدالت نے انسداد دہشتگردی ایکٹ کی سیکشن 21 ایل کے تحت 47 اشتہاری ملزموں کا علیحدہ ٹرائل چلایا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق پراسیکیوشن کی جانب سے رواں سال 6 جنوری کو سیکشن 19/10 کے تحت اشتہاری ملزموں کےخلاف کارروائی کی درخواست پر انکوائری تشکیل دی،انکوائری میں 47 ملزموں کو دیدہ دانستہ مفرور قرار دیا گیا ،رپورٹ کی روشنی میں عدالت نے اخبار میں اشتہار جاری کرایا اور 8 جنوری کو مفرور ملزموں کا اشتہار شائع کیا گیا،اشتہاری قرار پانے والے ملزموں کو 7 دن کے اندر سرنڈر کرنے کا موقع دیالیکن کوئی بھی ملزم پیش نہیں ہوا۔
بعد ازاں عدالت نے اشتہاری ملزموں کےلئے سٹیٹ کونسل مقرر کرکے چارج فریم کیا،پراسیکیوشن نے 19 گواہوں کے بیانات عدالت میں ریکارڈ کرائے ،سٹیٹ کونسل کی جانب سے استغاثہ کے گواہوں پر جرح بھی کی گئی،47 اشتہاری ملزموں کا ٹرائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔
دریں اثناعدالت نے سزا یافتہ ملزموں کو 60 دن کے اندر سرنڈر کرنے کا حکم دےدیا ،تفصیلی فیصلے میں ہدایت جاری کی گئی تمام سزا یافتہ ملزم 7 مئی تک عدالت کے سامنے پیش ہو کر سرنڈر کریں،سزا خود بخود کالعدم ہو جائے گی اورمقدمہ میرٹ پر دوبارہ چلاکرباقاعدہ ٹرائل کیا جائے گا۔
جی ایچ کیو حملہ کیس،عمر ایوب، مراد ، شبلی، زلفی سمیت 47 ملزموں کو 10، 10 سال قید
















