عالمی سطح پر اضافے سے تیل کی قیمتیں بڑھاناپڑیں،عطا تارڑ
لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات ونشریات عطاءتارڑ نے کہا ہے ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، جنگیں تنازعات کا حل نہیں، اقوام عالم میں قیام امن کیلئے پاکستان سفارتی محاذ پر اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صدر پاکستان وتحریک پاکستان کے مخلص کارکن اور ادارہ نظریہ پاکستان کے سابق چیئرمین رفیق تارڑ مرحوم کی چوتھی برسی کے موقع پر ادارہ نظریہ پاکستان کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا پاکستان آزاد ریاست ہے جسے ہمارے آباﺅ اجداد نے لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا، دنیا میں دو ہی ریاستیں ہیں جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوئیں، ان میں ایک ریاست مدینہ اور دوسری مملکت خداداد پاکستان ہے،معرکہ حق میں دنیا ہماری طاقت کا اندازہ کرچکی،دشمن اب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی قیادت میں امن کے قیام کےلئے سفارتی محاذ پر کاوشوں کو پوری دنیا مانتی ہے، موجودہ حالات میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے تیل کی قیمتیں بڑھانا پڑیں۔
















