ایران ،خلیجی ممالک میں کشیدگی میں کمی ترجیح ہے،پارلیمانی رہنماﺅں کو بریفنگ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ایران و خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی پاکستان کی ترجیح ،پارلیمانی رہنماﺅں کو سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ،وزیراعظم شہباز شریف نے پاک افغان صورتحال اور مشرق وسطیٰ کی قیادت سے رابطوں پر بھی اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاﺅس میں پارلیمانی رہنماﺅں کو پاکستان افغانستان صورتحال، ایران، مشرق و سطیٰ وخلیج میں کشیدگی،سفارتی کوششوں پر ان کیمرہ بریفنگ دی گئی،اعلامیے کے مطابق اجلاس میں شریک سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماوں نے کھل کر اپنے خیالات اظہار کیا، شرکانے موجودہ حالات میں ملی اتحاد،اتفاق و یگانگت ، سفارتی کوششیں مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن کےلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہااور آئندہ کے لائحہ عمل پر تجاویز پیش کیں۔

اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا پاکستان نے خامنہ ای کی شہادت اور ایران پر حملوں کی فوری مذمت ،تنازع کی شدت میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی ،ایران ،خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی ترجیح ہے، نائب وزیراعظم نے خلیجی ،عرب ممالک کےساتھ دوطرفہ رابطوں ،مغربی سرحد پر طالبان رجیم کےخلاف جاری آپریشن پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں پیپلز پارٹی،جے یو آئی (ف)، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین نے شرکت کی،اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی غیر حاضر رہی۔

دوسری جانب وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جلد بلانے کی تجویز ہے، اپوزیشن و حکومتی اراکین کو بین الاقوامی صورتحال اور پاکستان کے کردار پر بریفنگ دی جائےگی،پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ان کیمرہ ہوگا۔