واشنگٹن، یروشلم، تہران، دوحہ، بغداد، ریاض، دبئی، ابوظہبی، کویت سٹی، منامہ: (مشرق نیوز) نئی جنگ شروع، پورا خطہ لپیٹ میں، امریکہ، اسرائیل کا ایران پر حملہ، وزیر دفاع، سربراہ پاسداران انقلاب، سینئر فوجی کمانڈرز و سیاسی رہنما، سینکڑوں طالبات و شہری شہید، تہران کا جوابی وار، اسرائیل اور خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر میزائلوں کی بارش کردی۔
امریکہ، اسرائیل نے مشترکہ حملہ کرتے ہوئے تہران سمیت کئی شہریوں پر میزائل داغے، متعدد علاقے دھماکوں سے گونج اٹھے،دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دئیے،حملوں میںصدارتی آفس، آرمی چیف، وزرا، دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی صدر ،سپریم لیڈر محفوظ رہے، نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
وزیردفاع امیر نصیر زادہ ،پاسداران انقلاب کے سربراہ پاکپور،سینئر فوجی وسیاسی رہنما، سینکڑوں طالبات وشہریوں نے جام شہادت نوش کیا، ایرانی صدارتی محل اور سپریم لیڈر خامنہ ای کے کمپاونڈ کے قریب 7 میزائل گرے، طالبات سکول پر حملے میں نشانہ بنیں،ایران نے بھرپور جوابی وار شروع کردیئے، اسرائیل دھماکوں سے گونج اٹھا، کویت، یو اے ای، قطر، بحرین اور ریاض میں امریکی اڈوں پربھی میزائل داغے،خلجی ممالک میں دھماکوں کے بعد سائرن بج اٹھے۔ اسرائیل بھر میں سکول بند،شہریوں کو گھروں سے ہی کام کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا بڑا آپریشن شروع کر دیا ،ایران کی میزائل انڈسٹری ختم کردیں گے، مقصد ایرانی حکومت سے آنےوالے خطرات کو ختم کرکے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے،ایران جوہری ہتھیارنہیں رکھ سکتا، تہران کی بحریہ کو ختم کرنے جا رہے ہیں،یقینی بنائیں گے ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے، خطے میں امریکی اہلکاروں کےلئے خطرے کو کم کرنے کےلئے ہر ممکنہ قدم اٹھایا،ایرانی پاسداران انقلاب ہتھیار ڈال دے، مکمل استثنیٰ کےساتھ اچھا سلوک ہوگا یا آپ کو یقینی موت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ایرانی رجیم کے خطرے کو ختم کرنے کےلئے آپریشن شروع کیا ، آپریشن ایرانی لوگوں کےلئے تقدیر کو اپنے ہاتھ میں لینے کےلئے حالات پیدا کرے گا، ایران کو جوہری ہتھیاروں سے مسلح ہونے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔
ایران نے امریکہ، اسرائیل کےخلاف جوابی کارروائی کوآپریشن وعدہ صادق 4 کا نام دےدیا، پاسداران انقلاب نے کہا خطے میں موجود کئی امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا،بحرین میں تعینات امریکی بحریہ کا ففتھ فلیٹ بھی شامل ہے،آپریشن وعدہ صادق 4 امریکی فوج اور بچوں کے قاتل صہیونی حکومت کےخلاف ہے، جارح دشمن کے علاقائی اہداف پر حملے کئے گئے، مسلح افواج کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملے جاری رہیں گے۔
ایرانی عہدیداروں نے کہااختتام اب آپکے ہاتھ میں نہیں، ردعمل انتہائی سخت ہوگا،بھرپور جوابی کارروائی جاری رہے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور عراق کے وزرائے خارجہ سے علیحدہ علیحدہ رابطہ کیا، عباس عراقچی نے تمام ممالک سے واضح اپیل کی اپنی سرزمین ایران کےخلاف کسی بھی کارروائی کےلئے استعمال ہونے کی اجازت نہ دیں اور علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں کردار ادا کریں، ایران اپنے جائز حق دفاع کو استعمال کرتے ہوئے امریکی و اسرائیلی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا رہا ہے، کارروائی خطے کے کسی بھی ملک کےخلاف نہیں، امریکہ، اسرائیل کے حملے اقوام متحدہ منشور اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
دریں اثنا امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا ٹرمپ کیلئے واضح پیغام ایران میں حکومت تبدیلی کا مشن ناممکن ہے، سپریم لیڈر خامنہ ای زندہ ہیں،ایرانی کمانڈرز کی شہادت سے کوئی بڑا فرق نہیں پڑے گا،ایران کشیدگی میں کمی کیلئے دلچسپی رکھتا ہے، پہلے حملے روکے جائیں پھر کوئی بات چیت ہوگی،جوہری افزدوگی سمیت اپنا کوئی حق نہیں چھوڑیں گے، ایران کے پرامن جوہری پروگرام کی ضمانت دینے والا جوہری معاہدہ کیا جاسکتا ہے،امریکی سرزمین کو نشانہ بنانے کی صلاحیت پاس نہیں۔
اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہاامریکہ فرسٹ کی پالیسی کو اسرائیل فرسٹ میں تبدیل کر دیا ،طاقتور مسلح افواج ہر قسم کے حالات کےلئے تیار اور حملہ آوروں کو ایسا سبق سکھائیں گےجس کے مستحق ہیں۔
نئی جنگ شروع، پورا خطہ لپیٹ میں،امریکہ، اسرائیل کاحملہ، ایران کاجوابی وار،میزائل برسادئیے

















