خودکش حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

لاہور، بھکر، میانوالی:(کرائم رپورٹر،نمائندگان)داجل بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ڈسٹرکٹ پولیس لائن بھکر میں ادا کر دی گئی۔

نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد سیال، آر پی او سرگودھا ڈاکٹر شہزاد آصف، سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر راشد صدیق کھوکھر، ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی، ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق سمیت پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسروں،شہدا کے اہلخانہ، معززین علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعدادنے شرکت کی،پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی،آئی جی پنجاب و دیگر اعلیٰ افسروں نے جسد خاکی پر پھول چڑھائے۔

آئی جی پنجاب نے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا وطن عزیز کے تحفظ ،امن و امان کے قیام کیلئے جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،فتنہ الہندوستان ،فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی ،شہداکا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، بعد ازاں آئی جی پنجاب ڈی ایچ کیو ہسپتال بھکر پہنچے ،خودکش حملے میں زخمی ہونے والے پولیو ورکر زبیر کی عیادت کی۔

عبدالکریم نے کہا شہید پولیس اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ دےکر خودکش بمبار کو پولیس چیک پوسٹ میں داخل ہونے سے روکا، پنجاب پولیس کی تاریخ بہادر ، نڈر جوانوں کی لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے، دہشتگردوں کو ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

دریں اثنا آئی جی پنجاب نے داجل بین الصوبائی چیک پوسٹ کا دورہ کرکے دھماکے کی جگہ کا تفصیلی معائنہ کیا،صوبے بھر کی تمام بین الصوبائی چیک پوسٹوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کے بزدلانہ واقعہ میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آئی جی پنجاب نے چیک پوسٹوں پر تعینات افسروں و جوانوں سے ملاقات کی اور بلند مورال کو سراہتے ہوئے کہا پنجاب پولیس ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

علاوہ ازیں آئی جی پنجاب میانوالی پہنچے ،بین الصوبائی ریموٹ سرچ پارک چشمہ کا اچانک دورہ کیا،سرحدی داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات، نفری، اسلحہ، ایمونیشن و سکیورٹی آلات کا تفصیلی جائزہ لیا۔