سیاسی اختلاف کو نفرت میں نہ بدلیں، لیڈر کو قید رکھنا مناسب نہیں: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹرگوہر نے کہا ہے سیاسی اختلاف کو نفرت میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے، ملک میں بہتری لانا ہوگی،سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا عدالت وہ ہوتی ہے جو انصاف فراہم کرے تاہم 3 کروڑ ووٹ لینے والوں کو بھی انصاف نہیں دیا گیا، سیاست میں بہتری کےلئے تمام فریقین کو مل بیٹھنا ہوگا، پاکستان کا دفاع مضبوط ہونا چاہیے، اب حالات کو مزید طول نہیں دینا چاہیے،بیرسٹر گوہر نے بانی کی صحت سے متعلق بتایا اہل خانہ کو تسلی کرانا ضروری ہے، اگر اہل خانہ کو ساتھ رکھا جاتا تو کیا مسئلہ پیدا ہو جاتا؟ ہمیں پیغام دیا گیا بانی کو انجکشن لگا دیا گیا ہے، اس مرتبہ ڈاکٹر سے براہ راست بات نہیں ہوئی، بعد ازاں اطلاع دی گئی واپس بھجوا دیا گیا ہے، صحت بھی بہتر ہے،چیئر مین پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا آج تیرہواں موقع ہے جب ہم آپ کے سامنے پیش ہوئے ہیں، یہ کافی نہیں کہ صرف ”فرینڈ آف دی کورٹ“ کو بھیج دیا جائے، اہل خانہ کی ملاقات اہم ہے اور ہمیں ملاقات کا موقع دیا جانا چاہیے، سپریم کورٹ میں اب بھی ہمارے کیسز زیر سماعت ہیں، رہائی فورس کے معاملے پر پارٹی کو کچھ تحفظات ہیں اور اس پر مشاورت کی گئی ہے، اس کے سیاسی اثرات ہوں گے، صوبائی معاملات پر وزیرِ اعلیٰ پارٹی کو اعتماد میں لیتے ہیں،بیرسٹر گوہر نے واضح کیا پی ٹی آئی کسی بھی موقع پر ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے، ہم چاہتے ہیں رہائی عدالت کے ذریعے ہو، کسی غیر آئینی اقدام کے ذریعے نہیں، پی ٹی آئی سڑکوں سمیت ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔