لاہور(آصف مغل سے /عکاسی: میاں شاہنواز )صوبائی دارلحکومت کی طرف سے خونی کھیل بسنت کی منظوری دینے کے بعد مافیا کو کھلا چھوڑ دیا گیا کسی قسم کی کوئی نگرانی نہیں کر رہا۔ موچی پورہ بازار میں شہریوں کو لوٹا جانے لگا۔ پتنگ و ڈور کے ریٹ آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگے جبکہ ناقص میٹریل کی پتنگیں عوام کو دی جانے لگی، مشرق سروے میں عوام پھٹ پڑے۔شہریوں نے بتایا کہ ناقص میٹریل کی پتنگ 100 سے لیکر 700 روپے تک فروخت ہو رہی ہے جبکہ ڈور کا پنا 10 ہزار سے 20 ہزار تک ہے عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق دکاندار جعلی لائسنس بنا کر خرید و فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ حکومتی عہدیداروں کی طرف سے کی بھی قسم کی نگرانی نہیں کی جا رہی جبکہ تھانہ موچی گیٹ بازار کے اندر ہی ہے۔ دکاندار حکومت پولیس اور ضلع انتظامیہ کی آنکھوں میں دھول جھونک کر اپنی مرضی کے ریٹ سے شہریوں کو لوٹ رہے ہیں حکومت بسنت کی منظوری دیکر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ مافیا شہریوں کو لوٹ رہا ہے۔ دوسری جانب شہر لاہور کو بسنت کی وجہ سے دلہن کی طرح سجایا گیا ہے، قومی خزانے کا بے دریغ استعمال کیا گیا ہے جو عوام کی سہولت کیلئے استعمال ہو سکتا ہے جبکہ اس خونی کھیل کی وجہ سے قومی خزانہ خالی کیا جا رہا ہے جس سے کئی قیمتی جانے جا چکی ہیں کئی ماوں کی گود سونی ہوئی ہے۔ حکومت نے اس خونی کھیل کی اجازت کیوں دی سمجھ سے بالا تر ہے ۔
محکمہ پولیس کا تھانہ موچی گیٹ موچی بازار میں ہے اس کے باوجود جعلی لائسنس بنا کر خرید و فروخت کرنے دکانداروں کی کوئی نہ نگرانی کر رہا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی کاروائی کی جا رہی ہے۔ محکمہ پولیس اپنی سرپرستی میں جعلی لائسنس والے دوکاندروں سے پتنگ و ڈور فروخت کروا رہی ہے۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تھانوں میں پکڑی جانے والی پتنگیں ڈور بھی فروخت ہو رہی ہیں ۔
محکمہ پولیس کے ترجمان حافظ قیصر سے اس حوالے سے موقف کیلئے رابطہ کیا گیا مگر رابطہ نہ ہو سکا۔ اگر موصوف اپنا موقف دینا چاہیں تو رابطہ کر سکتے ہیں ادارہ من و عن شائع کریگا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کے ترجمان حارث سلہری نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریٹ کے حوالے سے کوئی نگرانی یا پھر حکم نہیں جاری کیا گیا۔ اس وقت محفوظ بسنت کے حوالے سے کام کیا جا رہا ہے اور اگر جعلی لائسنس پر کوئی دکاندار خرید و فروخت کر رہا ہے تو نشاندہی کریں ہم کارروائی کریں گے، ہم اپنے طور پر بھی چیک کروا لیتے ہیں۔
بسنت خونی کھیل،مافیا کو بھی لوٹ مارکیلئے کھلا چھوڑ دیا گیا،مشرق سروے

















