جنسی جرائم کیخلاف نیا نظام متعارف کرانے پر کام شروع

لاہور (مرزا ندیم بیگ )پنجاب میں جنسی جرائم کے مقدمات کی تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری میں تاخیر کے خاتمے کیلئے نیا نظام متعارف کرانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سی سی ڈی نے انویسٹی گیشن یونٹس کیلئے سروے مکمل کر لیا ہے جبکہ صوبے بھر میں جنسی زیادتی کے کیسوں کا تفصیلی ریکارڈ بھی مرتب کر لیا گیا ہے۔پنجاب پولیس کے مطابق جنسی زیادتی کے متعدد مقدمات میں اب تک ملزمان کی گرفتاری ممکن نہ ہو سکی جس کے پیش نظر خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت جنسی زیادتی کے کیسوں کی تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری سی سی ڈی کا خصوصی یونٹ کرے گا، جو جدید طریقہ تفتیش اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرےگا۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال پنجاب بھر میں جنسی زیادتی کے 13 ہزار 820 مقدمات درج کیے گئے۔ ان میں سب سے زیادہ کیسوں لاہور میں رپورٹ ہوئے جہاں 1576 خواتین اور بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ فیصل آباد 945 واقعات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا جبکہ گوجرانوالہ میں 789 اور خانیوال میں 724 خواتین اور بچوں سے جنسی استحصال کے کیس رپورٹ ہوئے۔پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے نفاذ سے نہ صرف تفتیش کے عمل میں تیزی آئیگی بلکہ ملزمان کی بروقت گرفتاری کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا، جس سے متاثرہ افراد کو جلد انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔