تہران،واشنگٹن،نیویارک،اسلام آباد،ریاض،ابوظہبی،لندن،نئی دہلی:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)کشیدگی میں تشویشناک حدتک اضافہ،رابطے منقطع،ایران پر امریکی حملے کی تیاری،چند گھنٹے اہم،قطر ائیر بیس پر ہلچل، کئی ممالک نے شہریوں کو واپس بلا لیا،تہران نے جوابی حملے میں سعودیہ، قطر، امارات میں امریکی فوجی اڈوں کو تباہ کرنے کی دھمکی دےدی،3عرب ممالک کی تنازع کے خاتمے کیلئے خفیہ سفارتکاری ،رابطے شروع کردئیے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں 28 دسمبر سے جاری شدید عوامی احتجاجی تحریک کے دوران امریکی انٹری سے حالات میں خطرناک حد تک کشیدگی بڑھ گئی،دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان براہ راست رابطے منقطع ہو نے سے ممکنہ حملوں کے خدشات میں اضافہ ہوگیا۔
سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایاایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی ،امریکہ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کے درمیان رابطے معطل ہوچکے ،ایران پر ممکنہ امریکی حملے کے پیش نظر متعدد ممالک نے حفاظتی اقدامات ،احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے اپنے سفارتخانوں ،شہریوں کےلئے الرٹ جاری کردیا،رائٹرز کی رپورٹ میں کہا گیاقطر میں قائم امریکہ کے سب سے بڑے فوجی اڈے العدید پر تعینات بعض امریکی فوجی افسروں کو فوجی اڈہ چھوڑنے کی ہدایت کردی گئی،اقدام احتیاطی نوعیت کا ہے،مطلب بیس سے فوجیوں کا باضابطہ انخلا نہیں۔
برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور یورپی ممالک نے اپنے شہریوں کو ایران میں محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا فوری وطن واپس آنے کی کوشش کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں سفارت خانے سے رابطے میں رہیں، بھارتی سفارتخانے نے تمام شہریوں بشمول طلبہ، زائرین، تاجروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے دستیاب ذرائع سے ایران چھوڑ دیں،شہری ایران میں مظاہروں ، احتجاجی مقامات سے دور ، سفارتخانے سے رابطے میں رہیں۔
پاکستانی طلبہ کی واپسی کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ،ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے کہا ایرانی جامعات نے امتحانات ری شیڈول کرتے ہوئے غیر ملکی طلبہ کو عارضی طور پر وطن واپس جانے کی اجازت دےدی ،تہران میں موجود پاکستانی شہریوں وطلبہ کےلئے وزارت خارجہ میں کوآرڈینیشن و مانیٹرنگ سیل قائم کردیا ،ترجمان دفترخارجہ کے مطابق کوآرڈینیشن ومانیٹرنگ سیل ایران کی صورتحال پر پاکستانیوں کےلئے کام کر رہا ہے،ادھر پاکستان ایران فیری کا پہلا سفر موخر کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی تا چاہ بہار فیری کےلئے بکنگ روک دی گئی اور صورتحال واضح ہونے تک چاہ بہار کا سفر 22 جنوری تک نہ ہونے کا امکان ہے ،فیری حالات معمول پر ہونے کے بعد شروع ہوگی،چاہ بہار کی بجائے کراچی گوادر فیری چلانے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔
دریں اثنا3عرب ممالک نے کشیدگی کے خاتمے کےلئے خفیہ سفارت کاری کا آغاز کردیا،سعودی عرب، قطر ،عمان نے امریکی اتحادی ہونے کے باوجود ایران پر حملے کے ممکنہ نتائج پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکسی بھی فوجی کارروائی کے اثرات صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہیں گے ،سکیورٹی و معاشی اثرات پورے مشرق وسطیٰ میں محسوس کیے جائیں گے،ایران پر حملہ احتجاجی تحریک کےلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے،فوجی ایکشن ایران میں مختلف سیاسی و سماجی گروہوں کو اختلافات بھلا کر حکومت کےساتھ کھڑے ہونے کا موقع فراہم کرےگا۔
امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق سعودی عرب، قطر ،عمان نے حملے کی مخالفت کرتے ہوئے امریکہ کو خبردار کردیاایران پر حملہ نہ کرے ورنہ عالمی آئل مارکیٹ ہل جائےگی ،امریکی معیشت کو بھی نقصان پہنچے گا،سعودی حکام نے تہران کو یقین دلایا وہ ایران کےساتھ کسی تنازع میں نہیں پڑیں گے اور امریکہ کوحملے کےلئے اپنی فضائی حدود استعمال نہیں کرنے دیں گے،اقدام امریکی کارروائی سے خود کو دور رکھنے ،روکنے کی کوشش کے طور پر کیا گیا ۔
وال سٹریٹ جنرل کے مطابق عرب ریاستوں کو خدشہ ہے ایران پر حملے سے آبنائے ہرمز کے ذریعے گزرنے والے تیل ٹینکروں کی آمدورفت متاثر ہوسکتی ہے، تنگ آبی گزرگاہ خلیج فارس کے دہانے پر ایران کو عرب پڑوسیوں سے جدا کرتی اور دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل کی ترسیل اسی راستے سے ہوتی ہے۔
اخبار کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے واضح نہیں کیا ایران کےخلاف کس نوعیت کی فوجی کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے حملے کا امکان زیادہ ہے،وائٹ ہاوس کے عہدیدار نے بتایا ایران کی صورتحال سے نمٹنے کےلئے ٹرمپ کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، صدر مختلف آرا سنتے ہیں لیکن آخرکار وہی فیصلہ کرتے ہیں جو بہترلگے۔
علاوہ ازیں اسرائیل سمیت متعدد اتحادی ممالک نے بھی صدر ٹرمپ کو مشورہ دیاابھی ساری توجہ ایرانی حکومت کو کمزور سے کمزور تر بنانے پر مرکوز رکھی جائے،ایرانی حکومت کو مزید کمزور کیے بغیر کی جانے والی کوئی بڑی فوجی کارروائی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔
قبل ازیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک اور دھمکی دیتے ہوئے کہا اگر مظاہرین کو پھانسی دی گئی تو سخت کارروائی کریں گے،تہران سے مذاکرات ختم اور حکام سے ملاقاتیں منسوخ کر دیں، قتل عام رکنے تک کوئی ملاقات نہیں ہوگی، ایران انسانیت کا مظاہرہ اور قتل عام بند کرے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا امن کی راہ میں رکاوٹ ایرانی جوہری صلاحیت کو ختم کر دیا، البغدادی ،قاسم سلیمانی کو مارنا کامیابی ہے،امریکی شہری تہران چھوڑ دیں۔
علاوہ ازیں ایران نے ٹرمپ کی دھمکی پر جواب دیا حملہ ہوا تو مشرق وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈوں ،تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔
ایرانی حکام نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کو بھی مطلع کردیا امریکہ نے حملہ کیا تو تمام ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈے ،تنصیبات کو بھی دشمن سمجھا جائےگا،مشرق وسطیٰ کے ممالک مقامی انٹیلی جنس کو متحرک و سکیورٹی اداروں کو چوکنا رکھیںتاکہ امریکہ فوجی اڈوں کو ایران پر حملے کےلئے استعمال نہ کرے۔
اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں ٹرمپ کا بیان شیئر کرتے ہوئے امریکی صدر و اسرائیلی وزیراعظم کو ایرانی عوام کا قاتل قرار دےدیا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کو خط میں لکھ کر کہاڈونلڈ ٹرمپ سیاسی عدم استحکام ،تشدد کو بھڑکا رہے ہیں،امریکی صدر ملکی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے ذمے ، امریکہ، اسرائیل کی کارروائیوں سے بے گناہ شہری جاں بحق ہو رہے ہیں۔
علاوہ ازیں برطانوی میڈیا نے رپورٹ میں کہا ایران میںپرتشدد مظاہروں کا سلسلہ تھم گیا ،ملک میں انٹرنیشنل کالز سروس بحال ،کرنسی کی قدر میں شدید کمی، مہنگائی اور حالیہ مظاہروں کے باوجود حکومت کے خاتمے کے کوئی واضح آثار نظر نہیں آ رہے۔
مزید برآں ایران میں جاری مظاہروں کے دوران جھڑپوں میں جاں بحق ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ دارالحکومت تہران میں ادا کی گئی ،ہزاروں افراد نے شرکت کی،عرب میڈیا کے مطابق نماز جنازہ کے دوران تہران یونیورسٹی کے اطراف کی سڑکیں جنازے میں شریک افراد سے بھر گئیں۔
شرکا کی بڑی تعداد نے ایرانی پرچم ،خامنہ ای کی تصاویر کے ساتھ جاں بحق عزیزوں کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں، ایرانی پرچموں میں لپٹے تابوت بڑے ٹرکوں میں رکھے گئے ،سرخ اور سفید گلاب نچھاور جاتے رہے ،ایران نے انٹرنیٹ فراہم کرنے والی امریکی کمپنی سٹار لنک کےخلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے بڑی تعداد میں ڈیوائسز قبضے میں لے لیں۔
ممکنہ امریکی حملہ،ایران جواب کیلئے تیار،عرب ممالک نے بھی خبر دار کردیا

















