لاہور (مرزا ندیم بیگ)سی سی ڈی مقابلوں کے بعد منشیات فروشوں کی نئی چالیں بے نقاب، آن لائن ادائیگیاں، ٹیکسی و بائیک کے ذریعے سپلائی، “ڈیڈ ڈراپ” نظام نے سکیورٹی اداروں کو چونکا دیا۔ تفصیلات کے مطابق سی سی ڈی کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف مبینہ پولیس مقابلوں اور بھرپور کریک ڈاون کے بعد زیرزمین نیٹ ورکس میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ تازہ انکشافات کے مطابق منشیات فروشوں نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ایسے نت نئے طریقے اختیار کرلئے ہیں جنہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی الرٹ کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق اب لین دین براہ راست نہیں بلکہ آن لائن ادائیگی کے ذریعے کیا جا رہا ہے جس کے بعد منشیات کی ترسیل آن لائن ٹیکسی یا بائیک سروس کے ذریعے کر دی جاتی ہے۔ بعض کیسوں میں تو سپلائر اور خریدار کا آمنے سامنے آنا ہی ختم کر دیا گیا ہے۔ رقم موصول ہونے کے بعد خریدار کو محض ایک پیغام بھیجا جاتا ہے کہ ”فلاں جگہ نشانی کے پاس تمہارا پیکٹ رکھ دیا گیا ہے“اور یوں ”ڈیڈ ڈراپ“ طرز پر منشیات اٹھا لی جاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورکس ڈیجیٹل پردوں کے پیچھے چھپ کر کام کر رہے ہیں، جہاں عارضی نمبرز، جعلی اکاونٹس اور بدلتے روٹس استعمال کئے جاتے ہیں۔ اس حکمت عملی کا مقصد سی سی ڈی اور دیگر اداروں کی نگرانی سے بچنا ہے، تاہم جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس کے امتزاج سے ان طریقوں کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔ادھر شہری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طریقے نہ صرف نوجوانوں کیلئے خطرناک ہیں بلکہ معاشرے میں منشیات کے پھیلاو کو خاموشی سے تیز کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب سی سی ڈی حکام نے واضح کیا ہے کہ آن لائن ٹریکنگ، ڈیجیٹل فارنزک اور خفیہ آپریشنز کے ذریعے اس نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے کام جاری ہے اور جلد بڑی گرفتاریاں متوقع ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ مشکوک سرگرمیوں، غیر معمولی ڈیلیوریز یا نشانیوں کے ذریعے سامان اٹھانے جیسی حرکات کی فوری اطلاع دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کی یہ نئی چالیں عارضی ثابت ہوں گی قانون کا شکنجہ مزید سخت کیا جا رہا ہے۔
منشیات فروشوں کی نئی چالیں ، آن لائن ادائیگیاں، ٹیکسی و بائیک کے ذریعے سپلائی

















