ادارے کے سربراہ کو دھمکیاں ناقابل برداشت ،برطانیہ فوری کارروائی کرے،عظمیٰ بخاری

لاہور: (نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بیرون ملک سے ادارے کے سربراہ کو قتل کی دھمکیوں، نفرت پھیلانے اور پاکستان کےخلاف منظم پروپیگنڈا مہم پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دینا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور ایسی حرکات ناقابل قبول ہیں۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا9مئی اور 26نومبر کے واقعات بیرونی ایجنڈے کا تسلسل ہیں،پاکستان کو دیوالیہ کرنے کی سازشیںبھی کی گئیں،برطانوی سرزمین کے پاکستان کےخلاف استعمال ہونے پر گہری تشویش ہے،برطانیہ میں زیرو ٹالرنس پالیسی ہے یہی اصول پاکستان کےخلاف نفرت انگیزی پر بھی لاگو کیا جانا چاہیے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا سوشل میڈیا ،اوورسیز اکاﺅنٹس کے ذریعے پاکستان کے اندر انتشار و تشدد بھڑکانے کی منظم کوششیں جاری ہیں، حکومت نے معاملہ برطانوی حکام کے سامنے باقاعدہ طور پر اٹھا دیا ،سیاسی جماعت ،دہشتگرد گروہ کے روئیے میں فرق کرنا ہوگا، نفرت، لاشوں ،خون کی سیاست اب کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،برطانیہ فوری سخت ایکشن لے تاکہ پاکستان کے اداروں کو نشانہ بنانے، تشدد پر اکسانے اور ریاست کو کمزور کرنے کی کوششوں کا مستقل خاتمہ کیا جا سکے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا پاکستان کےخلاف نفرت انگیزی منصوبہ بندی کے ساتھ پھیلائی جاتی ہے، اشتعال انگیز بیانات ریکارڈ کیے جاتے ہیں پھر سوشل میڈیا بریگیڈز اور یوٹیوبرز کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلایا جاتا ہے،افسوس برطانوی سرزمین کو مسلسل نفرت ،تشدد کو ہوا دینے کےلئے استعمال کیا جا رہا ہے، شواہد کھلے عام دستیاب ہیں،بدنیتی پر مبنی تشددو قتل کی مہم چلانے والوں کے خلاف فوری سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیر اطلاعات نے کہا ریاست ،اداروں پر حملے کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہیں ہو سکتے،برطانوی انتظامیہ اپنی سرزمین سے نفرت، قتل کی منصوبہ بندی اور تشدد پر اکسانے کی سرگرمیوں کا سلسلہ فوری طور پر روکے، ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق کڑی سزائیں دی جائیں۔