جی او آر گیٹ حملہ کیس،پی ٹی آئی رہنماﺅں کومجموعی طور پر 36 برس قید

لاہور،اسلا م آباد ، راولپنڈی:(کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، محمود الرشید، اعجاز چودھری کو مجموعی طور پر 36 برس قید،خصوصی عدالت نے جی او آر گیٹ حملہ کیس کاتفصیلی فیصلہ جاری کردیا،اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے 82 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا مجرموں کو انسداد دہشت گردی ایکٹ سیکشن 7 کے تحت 10سال قید،5لاکھ جرمانے کی سنائی جاتی ہے، انسداد دہشتگردی ایکٹ کے سیکشن 10کے تحت 10سال قید ،پی پی سی کے سیکشن 120 کے تحت 10 سال اور سیکشن 505کے تحت 5سال قید ،پی پی سی کے سیکشن 153 کے تحت ایک سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے، انسداد دہشتگردی ایکٹ کے سیکشن 7(2) کے تحت پراپرٹیز بھی ضبط کی جاتی ہیں۔

تفصیلی فیصلے میں کہاگیا پراسیکیوشن شاہ محمود قریشی کی حد تک کیس ثابت کرنے میں ناکام رہی، شاہ محمود قریشی کا کیس دیگر 4ملزموں کے کیس سے مختلف ہے، شاہ محمود قریشی نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کےلئے ائیر ٹکٹ فراہم کیے، شاہ محمود قریشی کو مقدمے سے بری کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے 9 مئی سمیت دیگر 5مقدمات میں بانی پی ٹی آئی،بشریٰ کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔

ادھر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں 26نومبر احتجاج پر درج مقدمے میں علیمہ خان پر فرد جرم عائد کرنے کےخلاف اپیل دائر کردی گئی۔

عدالت نے وکیل صفائی کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا اعتراضات دور ہونے کے بعد درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کیا جائے گا۔